ملتان کے بعد مظفر گڑھ میں بچے کی ڈرائیونگ، والد کےخلاف مقدمہ درج
ملتان کے بعد ضلع مظفر گڑھ میں بھی بچے کی ڈرائیونگ کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں 10 سالہ بچہ مرکزی شاہراہ پر مہران کار چلا رہا ہے تاہم پولیس نے کم سن بچے کے والد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان: لینڈ کروزر چلانے والے کمسن بچے کا پتا لگا لیا گیا
کم سن بچے کے والد کے خلاف درج ایف آئی آر کے مطابق 10 سالہ محسن خلیل مرکزی شاہراہ پر سوزوکی مہران چلا رہا تھا جس پر پولیس نے کار روک لی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ بچے کے والد خلیل احمد نے 10 سالہ بچے کو کار فراہم کرکے عوام کی جان کو خطرے میں ڈالا۔
پولیس نے مذکورہ کار کو بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔
ویڈیو میں بچے کو مصروف ترین شاہراہ پر کار چلاتے دیکھا جاسکتا ہے.
مزیدپڑھیں: ملتان: لینڈکروزر چلاتے ہوئے 'ننھے ڈرائیور' کی ویڈیو وائرل
بچے کی کار چلانے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ڈی پی او حسن اقبال نے نوٹس لیتے ہوئے بچے کے والد کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیے تھے۔
ایس ایچ او تھانہ جتوئی شاہد رضوان کے مطابق بچے کے والد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا.
واضح رہے کہ 26 جنوری کو ملتان میں لینڈ کروزر چلاتے ہوئے ننھے ڈرائیور کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔
چیف ٹریفک افسر (سی ٹی او) محمد ظفر بزدار کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے گاڑی اور اس کے مالک کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی تھیں۔
اس حوالے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ اگر کسی کے پاس اس گاڑی کے مالک کے بارے میں معلومات ہوں تو وہ پولیس کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔
انہوں نے کہاتھا کہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی جہاں بھی نظر آئے اس کے خلاف کارروائی کریں جبکہ سی ٹی او کی ہدایت پر معاملے پر مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
بعدازاں بچے کے والد نے ازخود پیش ہو کر چیف ٹریفک افسر ملتان کو اپنا بیان حلفی جمع کروایا تھا جس کے مطابق ان کا ان کا بیٹا فہد خان ان کی غیر موجودگی میں گاڑی لے کر نکل گیا تھا۔
چیف ٹریفک افسر نے بچے کو بریف کیا اور اس کے خاندان کو آئندہ اس طرح کا قدم نہ اٹھانے کی تنبیہ کی تھی۔