• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

پاکستان کا دوسرے ٹیسٹ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ برقرار رکھنے کا اعلان

شائع February 3, 2021
پاکستان نے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: پی سی بی
پاکستان نے پہلے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی—فوٹو: پی سی بی

جنوبی افریقہ کے خلاف 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے لیے پاکستان نے پہلے میچ کے 17 رکنی فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سلیکٹرز نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا اور کراچی ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان اسپنرز کو ڈراپ کر نے کو تیار

بیان کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشاورت کے بعد 11 رکنی حتمی ٹیم کا انتخاب کریں گے۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیٹ 4 فروری کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

سلیکٹرز کے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں:-

بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم، سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز، سرفراز احمد، نعمان علی، ساجد خان، یاسر شاہ، حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی جہاں اسپنرز کا کردار بنیادی تھا۔

تاہم راولپنڈی ٹیسٹ کے حوالے سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ پاکستان نے وکٹ فاسٹ باؤلرز کے لیے سازگار ہونے کے امکان کے تحت اسپنرز کو ڈراپ کرنے پر غور شروع کیا ہے۔

راولپنڈی کی وکٹ باؤلنگ کے لیے سازگار تصور کی جاتی ہے اور گزشتہ پانچ برسوں میں یہ وکٹ فاسٹ باؤلرز کے لیے جنت کی حیثیت رکھتی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی 7وکٹوں سے فتح، سیریز میں برتری حاصل

گزشتہ پانچ سال کے دوران فرسٹ کلاس کرکٹ میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ پر 21.40 کی اوسط سے فاسٹ باؤلرز نے 498 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسپنرز 34.18 کی اوسط سے صرف 72 وکٹیں لے سکے۔

ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا تھا کہ راولپنڈی میں وکٹ اور موسم کراچی سے مختلف ہے لیکن ہم ٹیم کے حوالے سے فیصلہ میچ کے قریب آ کر کریں گے، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ہم ٹیم میں تبدیلیوں کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ضروری نہیں کہ ہم صرف اس لیے اسپنر کو کھلائیں کیونکہ انہوں نے کراچی میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی، اگر یہ لگا کہ وکٹ اسپنرز کے لیے موزوں نہیں ہے تو ہم ٹیم میں فاسٹ باؤلر کی شمولیت کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم زیادہ سے زیادہ ہوم ٹیم ہونے کا ایڈوانٹیج لینا چاہتے ہیں، عموماً فرسٹ کلاس کرکٹ میں یہاں وکٹ ہری بھری ہوتی ہے، اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وکٹ خشک ہو سکے کیونکہ وکٹ میں کافی نمی ہوتی ہے، البتہ ابھی میچ میں وقت ہے اور سورج کی تپش کی وجہ سے وکٹ خشک ہونے کا امکان ہے لہٰذا امید ہے کہ وکٹ اتنی خشک ہو جائے گی جس کا ہم نے مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان

مصباح نے کہا کہ کراچی میں فتح بہت ضروری تھی اور جس طرح سے ہم نے لڑ کر میچ میں واپسی کی وہ سب سے بہترین حصہ تھا تاہم ہماری کوشش ہے کہ اب مطمئن ہو کر نہ بیٹھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں کنڈیشنز مختلف ہوں گی لیکن ہم پہلے ٹیسٹ میچ میں جو مثبت چیزیں ہوئیں ان کو جاری رکھنا چاہتے ہیں، ہمیں پتہ ہے کہ جنوبی افریقہ ایک مشکل ٹیم ہے اور سیریز برابر کرنے کے لیے مکمل کو شش کرے گی لیکن ہم تیار رہیں گے اور سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024