• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

گلگت: ماں نے بیٹے کے ساتھ مل کر 70 سالہ شوہر کو 'قتل کرکے لاش دفنادی'

شائع February 3, 2021
ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں گھر کے سربراہ کو نالے میں پھینک دینے کا بیان دیا تھا —فائل فوٹو: اے ایف پی
ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں گھر کے سربراہ کو نالے میں پھینک دینے کا بیان دیا تھا —فائل فوٹو: اے ایف پی

گلگت کے نواحی گاؤں جگلوٹ سئی میں ماں نے بیٹے کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر 70 سالہ شوہر کو قتل کردیا، دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٖٹ پولیس (ایس ایس پی) گلگت، راجا مرزا حسن کے مطابق 70 سالہ محمد جان خاندان کے ہمراہ پہلے جگلوٹ سئی میں کرایے کے گھر میں رہائش پذیر تھے تاہم وہ اچانک غائب ہوگئے تھے جس کے بعد ان کے اہلِ خانہ دیامر گوہر آباد منتقل ہوگئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ مقتول کی بیٹیاں شادی شدہ ہیں جنہوں نے والد کے اچانک غائب ہونے کی وجہ معلوم کی تو ماں نے تبلیغ کے لیے جانے کا کہہ کر خاموش کرادیا۔

یہ بھی پڑھیں: شوہر نے بیوی کو اینٹیں اور پتھر مار کر قتل کردیا

تاہم 4 ماہ بعد بھی والد کے واپس نہ آنے پر بیٹیوں نے اصرار کر کے پوچھا تو ماں نے تشدد کرنے کی وجہ سے شوہر کو قتل کردینے کا بتایا۔

مذکورہ بات کا علم جب مقتول کے بھتیجے کو ہوا تو اس نے پولیس کو اس واقعے کی اطلاع دی۔

چنانچہ اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) جگلوٹ نے ماں اور بیٹے کو طلب کیا جنہوں نے ابتدائی تفتیش میں گھر کے سربراہ کو نالے میں پھینک دینے کا بیان دیا۔

تاہم دونوں سے علیحدہ تفتیش کرنے پر ملزمان نے 70 سالہ محمد جان کو چھ ماہ قبل جگلوٹ میں کرایے کے مکان میں قتل کر کے دفن کرنے کا اعتراف کیا۔

مزید پڑھیں: ’شوہر پر دوسری شادی کا شک‘، اہلیہ نے دو سالہ بچی کو ’قتل‘ کردیا

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے بتایا کہ مقتول انہیں تشدد کا نشانہ بناتا تھا جس کے باعث اسے قتل کیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کی نشاندہی پر قبر کشائی کر کے مقتول کی نعش بھی برآمد کی جاچکی ہے۔

ایس ایس پی گلگت کا کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ماں اور اس کے 20 سالہ بیٹے لقمان حکیم کے علاوہ 3 افراد کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

ایس ایچ او جگلوٹ سئی ولی اللہ کے مطابق گرفتار ماں بیٹا شدید خوفزدہ ہیں اس لیے تفصیلات بتانے سے گریز کر رہے ہیں تاہم پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں واضح ہو گا کہ قتل فائرنگ کر کے کیا گیا ہے یا کسی آلے سے کیا گیا ہے، نعش پرانی ہونے کے باعث اندازہ لگانا مشکل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024