کورونا وائرس: سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی لگادی
سعودی عرب نے 20 ممالک سے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کردی، جس میں پاکستان بھی شامل ہے تاہم اس پابندی سے سفارت کاروں، سعودی شہریوں اور کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں معاونت کرنے کے لیے ڈاکٹروں اور ان کے اہلِ خانہ کو استثنٰی حاصل ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ یہ 'عارضی پابندی' بدھ کے روز صبح 9 بجے سے نافذ العمل ہوگی۔
علاوہ ازیں اس پابندی کا اطلاق پڑوسی ممالک مصر اور متحدہ عرب امارات سے لے کر خطے میں لبنان اور ترکی تک ہوگا۔
یورپ میں جن ممالک سے مسافروں کی آمد پر پابندی ہوگی ان میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، پرتگال، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کی نئی قسم، سعودی عرب اور عمان نے ایک ہفتے کیلئے بین الاقوامی پروازیں معطل کردیں
ان کے علاوہ امریکا، ارجنٹینا، برازیل، پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، جاپان اور جنوبی افریقہ بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
سعودی عرب کے سفارت خانے نے اس سلسلے میں وزارت خارجہ کو ایک خط بھی ارسال کیا ہے جس کی ایک نقل ڈان کے پاس دستیاب ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 'ان میں دیگر ممالک سے آنے والے وہ افراد بھی شامل ہیں جو سعودی عرب میں داخلے کی خواہش سے پہلے کے 14 روز کے دوران مذکورہ بالا ممالک سے گزرے ہوں تاہم مملکت سعودی وزارت صحت کے متعین کردہ حفاظتی اقدامات کے تحت ان ممالک سے بلا تعطل سپلائی چین اور شپنگ کی نقل و حرکت یقینی بنائے گی'۔
خط میں کہا گیا کہ اگر سعودی شہری، سفارتکار اور طبی ماہرین اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مذکورہ بالا ممالک سے آرہے ہوں یا 14 روز کے دوران یہاں سے گزرے ہوں تو انہیں آنے کی اجازت ہے البتہ انہیں سعودی وزارت صحت کے ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان سے مسافروں کی آمد پر 3 فروری کی صبح 9 بجے سے دوبارہ پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد کوئی مسافر پاکستان سے سعودی عرب سفر نہیں کرسکتا۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے کارگو پروازیں چلانے کا فیصلہ
اس پابندی سے قبل پی آئی اے کی پروازیں سیالکوٹ سے دمام، ملتان سے مدینہ اور اسلام آباد سے ریاض کے لیے معمول کے مطابق اڑان بھر رہی تھیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پی آئی اے سعودی عرب سے مسافروں کو واپس پاکستان لانے کے لیے پروازیں جاری رکھے گی تاہم جن مسافروں نے پاکستان سے سعودی عرب جانے کے لیے نشستیں بک کروائیں تھیں انہیں سعودی پابندی سے مطلع کردیا گیا ہے۔
قبل ازیں اتوار کے روز سعودی وزیر صحت کی جانب سے انتباہ جاری کیا گیا تھا کہ اگر شہریوں اور مقیم افراد نے صحت سے متعلق ہدایات پر عمل نہیں کیا تو نئی کورونا وائرس پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔
سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے 3 لاکھ 68 ہزار کیسز رپورٹ اور 6 ہزار 400 اموات ہوچکی ہیں جو خلیجی ممالک میں سب سے بڑی تعداد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے پروازیں بحال کرنے کا اعلان
جنوری کے آغاز میں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 100 سے کم ہوگئی ہے جو گزشتہ جون میں سب سے زیادہ 5 ہزار کیسز یومیہ تک پہنچ گئی تھی تاہم اب نئے یومیہ کیسز بڑھ گئے ہیں اور منگل کے روز 310 کیسز سامنے آئے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے فائزر-بائیواین ٹیک ویکسین کی پہلی کھیپ موصول ہونے کے بعد 17 دسمبر سے کورونا وائرس ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا۔