• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ملکی برآمدات مسلسل چوتھے ماہ 2 ارب ڈالر سے زائد

شائع February 2, 2021
برآمدات میں مسلسل چوتھے ماہ 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے —فائل فوٹو: رائٹرز
برآمدات میں مسلسل چوتھے ماہ 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے —فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: پاکستان کی برآمدات ماہ جنوری میں مسلسل 5ویں ماہ بڑھ کر 2 ارب 14 کروڑ ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے ایک ارب 98 کروڑ ڈالر سے 8 فیصد تک زیادہ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اعداد و شمار وزارت تجارت کی جانب سے جاری کیے گئے۔

اس حوالے سے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں ترقی برقرار ہے اور 8 برسوں میں پہلی مرتبہ ہے کہ مسلسل 4 ماہ یہ 2 ارب ڈالر سے زائد رہی۔

وزارت تجارت کے جاری کردہ عبوری اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے جنوری 21-2020 کے دوران برآمدات میں 5.5 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 14 ارب 24 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ سال کے انہیں مہینوں میں 13 ارب 50 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھی۔

مزید پڑھیں: دسمبر میں برآمدات میں 18.3 فیصد اضافہ

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ’مالی سال 2021 کے 7 مہینوں کے لیے ہماری مجموعی برآمدات اضافے کے رجحان کو ظاہر کر رہی ہے‘۔

مجموعی برآمدات میں اضافے کی بنیادی وجہ ٹیکسٹائل اور کپڑوں کے شعبے سمیت انجینئرنگ مصنوعات، جرحی آلات اور ویلیو ایڈڈ چمڑے کی مصنوعات سے آنے والی رقم کی ڈبل ڈجٹ میں ترقی ہے۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات، علاقے کی برآمدی صورتحال اور بڑی مارکیٹوں کے سکڑنے کے باوجود پاکستانی برآمد کنندگان نے اس کارنامے کو انجام دیا۔

انہوں نے کہا کہ برآمدکنندگان اپنی پوری صلاحیت سے مصنوعات کی برآمدات کریں اور اگر کوئی مشکل پیش آئے تو وزارت تجارت کو آگاہ کریں۔

واضح رہے کہ نئے مالی سال کے آغاز سے برآمدات میں مثبت رجحاں دیکھا گیا ہے تاہم اگست میں اس میں 19 فیصد کی کمی ہوئی تھی لیکن ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں یہ دوبارہ مثبت رجحان میں آگئی تھی۔

ٹیکسٹائل اور نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت خام مال کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکسز میں کمی کے علاوہ نقد سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے۔

ادھر وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی رپورٹ کے مطابق کووڈ 19 کے پھیلاؤ نے ملک سے کنٹینرز کے بہاؤ پر اثر ڈالا تھا جو گزشتہ سال اپریل میں تقریباً 12 ہزار کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم اس کے بعد سے ملک سے کنٹینر شپ منٹ میں بتدریج بہتری دیکھی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: برآمدات 7.67 فیصد بڑھ کر 2 ارب 16 کروڑ ڈالر سے زائد

’میک ان پاکستان‘ کے انیشی ایٹو کے تحت ایف بی آر کے ذریعے کم از کم 8 شعبوں کے لیے ڈیوٹی ڈرا بیک ریٹس میں اضافہ کیا گیا، اس پورے عمل کے دوران 4 ہزار 34 دعوے نمٹادیے گئے اور 7 ہزار 800 برآمد کنندگان کو اس قدم سے فائندہ پہنچا۔

علاوہ ازیں مالی سال 2020 میں برآمدات گزشتہ سال کے 22 ارب 97 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 6.83 فیصد یا ایک ارب 57 کروڑ ڈالر کم ہوکر 21 ارب 40 کروڑ ڈالر رہی۔

اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ بین الاقوامی خریداروں سے برآمدی آرڈرز خاص طور پر ٹیکسٹائل اور کپڑوں کے شعبوں میں مئی سے واضح بہتری دیکھی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024