• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا مثبت آنے پر حماد اظہر قرنطینہ میں چلے گئے

شائع February 1, 2021
متعدد وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی رہنما کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ 
---فائل فوٹو: ڈان نیوز
متعدد وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی رہنما کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ---فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ’میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا‘۔

اپنے مختصر پیغام میں انہوں نے تمام لوگوں سے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کی درخواست کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل متعدد وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی رہنما کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری سمیت متعدد سیاستدانوں کے کورونا نتائج مثبت آچکے ہیں۔

مزیدپڑھیں: شاہ محمود قریشی نے چینی ویکسین کی پہلی کھیپ وصول کر لی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور خیبرپختونخواہ کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا بھی کورونا میں مبتلا ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے سابق گورنر سید فضل آغا، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر کلثوم پروین، پی ٹی آئی پنجاب کے ایم پی اے شاہین رضا، وزیر برائے انسانی آبادکاری غلام مرتضیٰ بلوچ، ایم این اے منیر خان اورکزئی اور پی ٹی آئی کے میاں جمشید دین کاکاخیل ان سیاستدانوں میں شامل ہیں جو وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کے رحجان کے باعث کورونا سے متاثرہ افراد تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے متجاوز

کورونا کے اعداد و شمار کے حوالے سے قائم سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 615 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 26 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

یوں ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 428 ہوگئی جبکہ اموات 11 ہزار 683 تک پہنچ گئیں۔

دوسری جانب چین سے کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی جسے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وصول کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024