• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

خواجہ آصف کے بیٹے سے منسلک 'غیر قانونی' ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفاتر منہدم

شائع February 1, 2021
یہ عمارت 13 مرلہ پر تعمیر کی گئی تھی جو سوسائٹی میں پبلک پارک کا حصہ تھی— فوٹو: ڈان
یہ عمارت 13 مرلہ پر تعمیر کی گئی تھی جو سوسائٹی میں پبلک پارک کا حصہ تھی— فوٹو: ڈان

گجرات: سیالکوٹ میں مقامی حکام نے اتوار کو سیالکوٹ میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر توحید اختر اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیٹے کے دفاتر کی حامل ہاؤسنگ سوسائٹی پر مشتمل عمارت منہدم کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ کی ضلعی انتظامیہ نے اتوار کے روز بھاری مشینری کے ذریعے کارروائی کا آغاز کیا اور کثیر المنزلہ عمارت کو منہدم کردیا، جسے کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفاتر اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔

مزید پڑھیں: ملک ریاض ایک کھرب روپے کے اراضی اسکینڈل میں ملزم نامزد

انتظامیہ نے بتایا کہ یہ عمارت 13 مرلہ پر تعمیر کی گئی تھی جو سوسائٹی میں پبلک پارک کا حصہ تھی اور سرکاری املاک کے طور پر رجسٹرڈ تھی لیکن سوسائٹی کے مالکان نے اپنا دفتر تیار کیا اور غیر قانونی طور پر دوسری تجارتی سرگرمیاں شروع کردیں۔

سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر نے سوسائٹی کی مینجمنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو ایک ریفرنس بھیجا تھا، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے نومبر میں 9 مشتبہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جن میں سابق میئر توحید اختر، ایک مقتول سمیت ان کے تین بھائی بھی شامل ہیں اور خواجہ آصف کی اہلیہ مسرت، اس کا بیٹا اسد اور میونسپل کارپوریشن بلڈنگ انسپکٹر رانا انیم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 409، 109 اور 166 اور پی سی اے 5/2/47 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ایک ٹیم پہلے ہی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی اور توحید اختر سمیت چار ملزمان گرفتاری سے قبل ضمانت پر تھے۔

دوسری طرف توحید اختر سمیت مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں نے حکومت پر اپوزیشن رہنماؤں اور ان کے اہل خانہ کو اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے سیاسی تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا کیونکہ حکام نے بغیر کسی اطلاع کے آپریشن کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے سرسبز پارک لالچ اور کاروبار کی نذر

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ سیالکوٹ کی تحصیل این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب شیڈول تھا لہٰذا حکومت نے پارٹی پوزیشن کو نقصان پہنچانے کے لیے مسلم لیگ (ن )کو نشانہ بنانا شروع کردیا، جمعہ کے روز پارٹی امیدوار کے ایک بھائی کو گرفتار کیا گیا تھا اور بعد میں ہفتہ کو ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ عمارت کے انہدام کے بعد بھاری نقد رقم اور دیگر اہم دستاویزات نہیں مل سکیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024