• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے متجاوز

شائع February 1, 2021
پاکستان میں تقریباً 92 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں تقریباً 92 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل رہا جہاں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بہتر حکمت عملی اپنائی گئی اور اسی وجہ سے اب تک ملک میں اس وائرس کے تقریباً 92 فیصد مریض شفایاب ہوچکے ہیں جو تعداد میں 5 لاکھ سے زائد ہیں۔

کورونا کے اعداد و شمار کے حوالے سے قائم سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 615 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 26 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

یوں ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 428 ہوگئی جبکہ اموات 11 ہزار 683 تک پہنچ گئیں۔

تاہم ایک ہزار 278 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 1 ہزار 252 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہزار 493 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

2020 کے آخری مہینے دسمبر میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ نئے سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری کے دوران اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی تاہم اس کے یومیہ کیسز اب بھی ہزار سے زائد ہیں جبکہ اموات بھی درجنوں میں رپورٹ ہورہی ہیں۔

اگر آج یکم فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 812 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار 249 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 4 مریضوں کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 996 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 443 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 796 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 11 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 747 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 261 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 67 ہزار 214 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 9 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 906 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 823 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 195 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 59 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 418 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا، یوں مجموعی اموات 475 پر برقرار ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 31 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 19 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض کے انتقال کی تصدیق ہوئی اور اس طرح مجموعی تعداد 262 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا ایک نیا کیس سامنے آیا اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 909 پر جا پہنچی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 278 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ ایک ہزار 252 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 546428

صحتیاب: 501252

اموات: 11683

فعال کیسز: 33493

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 47 ہزار 249 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 796 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 67 ہزار 214 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 823 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 41 ہزار 418 ، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 19 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 909 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3996

پنجاب: 4747

خیبرپختونخوا: 1906

بلوچستان: 195

اسلام آباد: 475

آزاد کشمیر: 262

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024