نواز، زرداری جلد جیل میں ہوں گے، پرویز خٹک
نوشہرہ: وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما نواز شریف اور آصف علی زرداری جلد ہی اپنی کرپشن کی وجہ سے سلاخوں کے پیچھے جائیں گے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسی طرح انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے کیونکہ وہ اپنے اثاثے جو ذرائع آمدن سے کہیں زیادہ جمع ہیں اس کی وضاحت دینے میں ناکام رہے ہیں۔
پبی کے اریگیشن گیسٹ ہاؤس میں عوامی اجلاس سے خطاب کے بعد پرویز خٹک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر انصاف کیا گیا تو یہ تمام لوگ جلد ہی جیل میں ہوں گے'۔
مزید پڑھیں: چاہوں تو عمران خان کی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی، پرویز خٹک
انہوں نے کہا کہ اب صرف ایک ایماندار قیادت ہی ملک میں جڑ پکڑے گی۔
وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو کسی سے کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے اور وہ 2023 تک اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور پھر اپنی 'کارکردگی' کی بنیاد پر دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔
وزیر دفاع نے ہفتے کے روز کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے، جس کے چند حصے سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، کہا کہ چند لوگوں نے ان کی تقریر کا غلط استعمال کیا اور اسے 'سیاق و سباق سے ہٹ کر' پیش کیا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ 'اگر میری پوری تقریر لوگوں کو دکھائی جاتی تو حقیقت سامنے آجاتی'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے بہت افسوس ہے کہ چند لوگوں نے میری تقریر کو غلط استعمال کیا، اگر میں پوری تقریر لوگوں کے سامنے لاؤں تو حقیقت سامنے آجائے گی، میرا کہنا یہ تھا کہ اللہ تعالٰی نے مجھے سوچنے کی صلاحیت عطا کی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے اور وہ پارٹی کے لیے قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔
سینیٹ انتخابات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو کھلی رائے شماری کے ذریعے یقینی بنانا چاہتے ہیں تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ الیکشن میں کس نے کس کو ووٹ دیا تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ چاہے الیکشن کھلے ہوں یا خفیہ رائے شماری کے ذریعے کرایا جائے، تحریک انصاف یقینی طور پر الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 'پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کو بچالیا'
وفاقی وزیر نے دعوٰی کیا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں پہلے سینیٹ انتخابات کو کھلی رائے شماری کے ذریعے کرانے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں تاہم اب وہ اس کی مخالفت کر رہی ہیں جو سمجھ سے بالاتر ہے۔
حکومت کے خاتمے کے لیے ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسوں کے بارے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اپوزیشن تمام محاذوں پر بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہ تو اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے اسمبلیوں سے استعفیٰ دیا اور نہ ہی لوگوں کو سڑکوں پر نکالا۔
قبل ازیں وزیر دفاع نے پیر سبک، باڑہ بنڈا، خاشگی پیان گئے اور مختلف اہلخانہ سے تعزیت کی۔
مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات کیلئے ہمارے نمبر پورے ہیں، جہانگیر ترین کہیں نظر نہیں آرہے، پرویز خٹک
ہفتے کے روز مانکی شریف میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے انہیں کئی بار نوازا اور اپوزیشن جماعتوں نے بھی ان کا احترام کیا اور انہوں نے ان کا خیال بھی رکھا۔
ہفتہ کے روز ان کی تقریر کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر وہ مشکلات پیدا کرنا چاہیں تو وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ایک دن بھی نہیں بچ سکے گی۔
انہوں نے تقریر میں کہا تھا کہ 'میں کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہوں اور صفر بھی کرسکتا ہوں جب بھی میں یہ کرنا چاہوں اور یہ سب میری محنت کا نتیجہ ہے'۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ غلط کام کرنا چاہیں تو عمران خان کی حکومت ایک دن بھی نہیں بچ سکے گی۔
وزیر نے کہا تھا کہ یہ ان کی محنت اور کوشش ہے کہ آج وہ پورے ملک کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں، عمران خان ان کے ساتھ بہت مہربان ہیں اور وہ ان کے مقروض ہیں۔
پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ انہیں سیاست میں دھوکا نہیں دیا جاسکتا کیونکہ وہ تمام سیاستدانوں اور ان کے اہل خانہ کو ذاتی طور پر جانتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے نہ صرف سرکاری عہدیداروں کو سنبھالا بلکہ اپوزیشن رہنماؤں سے بھی نمٹا اور ہر ایک ان کا احترام کرتا ہے۔