• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ چین سے پاکستان پہنچ گئی

طیارے سے ویکسین اترنے کا منظر—تصویر: اے پی پی
طیارے سے ویکسین اترنے کا منظر—تصویر: اے پی پی
طیارے میں ویکسین لوڈ ہونے کا منظر—تصویر: اے پی پی
طیارے میں ویکسین لوڈ ہونے کا منظر—تصویر: اے پی پی

اسلام آباد: پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین کی جانب سے کووِڈ 19 ویکسین کی 5 لاکھ خوراک کا تحفہ لے کر بیجنگ سے آج وطن واپس پہنچ گیا۔

نورخان ایئربیس پر ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کے وقت وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان موجود تھے۔

اس حوالے سے انہوں نے ایک ٹوئٹ بھی کی جس میں لکھا کہ ’الحمد اللہ ہمیں سائنوفام ویکسین کا پہلا بیچ ملا ہے! اس کے لیے انتھک محنت کرنے والے ہر شخص کا شکر گزار ہوں‘۔

انہوں نے لکھا کہ کووڈ کا مقابلہ کرنے میں این سی او سی اور صوبوں نے اہم کردار ادا کیا، میں اپنے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کو ان کی کاوشوں کے لیے سلام پیش کرتا ہوں، ویکسین سب سے پہلے انہیں لگے گی۔

چین سے ویکسین کی آمد پر ایک بیان میں وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری اس حوالے سے دسمبر اور جنوری میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ساتھ گفتگو ہوئی تھی جس کے دوران انہیں پاکستان کی ضرورت سے آگاہ کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی نوعیت کو سامنے رکھتے ہوئے سب سے پہلی ویکسین کھیپ پاکستان کو ارسال کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین لانے کے لیے چین روانہ

انہوں نے مزید کہا کہ ہم چین کی حکومت کے بے حد شکر گزار ہیں، مجھے بے حد خوشی ہے کہ ہمارے دیرینہ اور گہرے دوست چین نے ایک دفعہ پھر ہمیں ترجیحی بنیادوں پر پانچ لاکھ ویکسین ڈوزز کا تحفہ بھیجا ہے۔

قبل ازیں ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا حکومت نے آئندہ 2 ہفتوں کے دوران 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاک فضائیہ کا طیارہ گزشتہ روز شام 7 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے) بیجنگ میں اترا تھا جہاں اس پر سائنو فارم ویکسین لوڈ کی گئی۔

چین نے 5 لاکھ خوراک بطور عطیہ پاکستان کو دی ہیں جس سے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو ویکسینیٹ کیا جائے گا، اب تک 4 لاکھ طبی ماہرین ویکسینیشن کے لیے اپلائی کرچکے ہیں۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا کہ آئندہ 10 سے 15 روز میں 65 سال سے معمر شہریوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'ویکسین کی تمام خوراک اسلام آباد میں رکھی جائیں گی اور امکان ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ویکسینیشن کا عمل پورے ملک سے ایک روز پہلے شروع ہوجائے'۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو کوویکس سے مارچ تک ایسٹرازینیکا کی 60 لاکھ خوراک مل جائیں گی، اسد عمر

وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ویکسین کو ٹھنڈک میں رکھنے کے لیے انتظامات موجود ہیں جس میں اسے ہیلتھ ورکرز کو لگانے کے لیے گوداموں میں اسٹور کیا جانا بھی شامل ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ ایکسپینڈڈ پروگرام امیونائزیشن (ای پی آئی) کے ایک گودام کو ویکسین رکھنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، اس کے ساتھ ہم نے نیشنل امیونائزئشن منیجمنٹ سسٹم (این آئی ایم ایس) ترتیب دیا ہے جس کے ذریعے ہم اسلام آباد سے ہر صوبے اور ضلع میں استعمال ہونے والی خوراک اور مزید درکار خوراک کی نگرانی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جب پہلا اسٹاک ختم ہو تو اس سے پہلے ہی نیا اسٹاک دستیاب ہو۔

عہدیدار نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں کچھ سیاستدان اور بھارتی ناقدین ویکسین کے حصول میں ناکامی کے لیے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نہ صرف اپنے دوست چین سے ویکسین کی 5 لاکھ خوراک مفت حاصل کی ہیں بلکہ پہلے سے بک کی گئیں 11 لاکھ خوراک بھی آئیں گی، کوویکس نے بھی ہمیں رواں برس کے ابتدائی 6 ماہ میں آکسفورڈ زینیکا کی 17 لاکھ خوراک فراہم کرنے کی تحریری یقین دہانی کروائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کووڈ 19 کی روک تھام ایک ڈوز میں کرنے والی ویکسین مؤثر قرار

عہدیدار نے کہا کہ 17 لاکھ میں سے 70 لاکھ ویکسین خوراک مارچ کے اختتام سے قبل موصول ہوجائیں گی اور ہم پر اُمید ہیں کہ جون کے اختتام تک 65 سال سے معمر، 50 سے 65 سال تک کی عمر کے افراد اور ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگادی جائے گی۔

ویکسین لگوانے کا طریقہ کار

دستیاب دستاویز کے مطابق پاکستان نے ویکسین کے حوالے سے اپنی حکمت عمل تشکیل دے دی ہے، شہریوں کی رجسٹریشن کا اعلان ہونے کے بعد لوگوں کو اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کے ذریعے 1166 پر بھیجنا ہوگا یا این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ پر رجسٹر کروانا ہوگا۔

تصدیق کے بعد شناختی کارڈ پر درج پتے کی بنیاد پر قریبی ویکسین سینٹر کا پتا اور پن کوڈ شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہوگا۔

ایس ایم ایس موصول ہونے کے 5 روز کے اندر شہری 1166 ہیلپ لائن پر کال کر کے یا این آئی ایم ایس کی ویب سائٹ سے اپنا ویکسین کا مرکز تبدیل کرواسکتے ہیں، ویکسینیشن سینٹر اور اپائنٹمنٹ کی تاریخ بھی شہریوں کو بتادی جائے گی۔

اپائنٹمنٹ والے روز شہریوں کو اپنا قومی شناختی کارڈ اور پن کوڈ لے کر ویکسین سینٹر پہنچنا ہوگا اور ویکسین لگنے کے بعد 30 منٹ تک سینٹر میں زیر نگرانی رہنا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024