• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزیراعظم کا اداکار شان کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

شائع January 31, 2021
شان شاہد کی والدہ اور ماضی کی مقبول اداکارہ نیلو بیگم گزشتہ شب انتقال کرگئی تھیں— فائل فوٹوز: ٹوئٹر/فیس بک
شان شاہد کی والدہ اور ماضی کی مقبول اداکارہ نیلو بیگم گزشتہ شب انتقال کرگئی تھیں— فائل فوٹوز: ٹوئٹر/فیس بک

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے سپر اسٹار شان شاہد کی والدہ اور ماضی کی مقبول اداکارہ نیلو بیگم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ شان شاہد کی والدہ گزشتہ شب انتقال کرگئی تھیں، وہ کافی عرصے سے علیل تھیں۔

اداکار شان نے والدہ کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا تھا کہ 'میں اُداس دل کے ساتھ اپنی والدہ کے انتقال کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں جو خالق حقیقی سے جاملی ہیں'۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ 'والدہ کی رحلت پر میری دعائیں اور ہمدردیاں شان شاہد کے ساتھ ہیں'۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے بھی ان کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔

شبلی فراز نے لکھا کہ اداکار شان کی والدہ اور معروف اداکارہ نیلو بیگم کے انتقال پر افسوس ہے، وہ فن کی دنیا کا ایک بڑا نام اور ایک باصلاحیت اداکارہ تھیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'اللہ تعالی مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے، آمین'۔

خیال رہے کہ سرگودھا کے نواحی قصبے بھیرہ کے مسیحی گھرانے میں آنکھ کھولنے والی سنتھیا الیگزینڈر فلمی دنیا کی نیلو بنی۔

نیلو بیگم نے 1956 میں ہولی وڈ فلم بھوانی جنکشن کے ذریعے فلمی صنعت میں قدم رکھا تھا۔

پاکستانی فلم صنعت میں انہیں شہرت 1957 کی سپرہٹ فلم 'سات لاکھ' کے گانے 'آئے موسم رنگیلے سہانے' میں پرفارم کرنے سے ملی۔

ریاض شاہد سے شادی کے بعد انہوں نے اسلام قبول کرلیا تھا اور ان کا نام عابدہ رکھا گیا تھا۔

اپنے کیرئیر میں نیلو بیگم نے متعدد سپرہٹ فلموں میں کام کیا اور ان کی آخری فلم وار 2013 میں ریلیز ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024