• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ثنا میر 3 ہفتوں بعد کورونا سے صحت یاب

شائع January 29, 2021
ثنا میر 24 دن بعد صحت یاب ہوگئیں۔
ثنا میر 24 دن بعد صحت یاب ہوگئیں۔

خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور کرکٹ کمنٹیٹر ثنا میر تین ہفتوں سے زائد وقت کے بعد کورونا سے صحت یاب ہوگئیں۔

ثنا میر میں رواں ماہ 5 جنوری کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

سابق کرکٹر میں کورونا کی تشخیص ایک ایسے وقت میں ہوئی تھیں جب وہ اپنی 35 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کرنے کی تیاریوں میں تھیں۔

ثنا میر نے 5 جنوری کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ انہیں سالگرہ سے قبل ہی کورونا ہوگیا، جس کی وجہ سے انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا اور انہوں نے سالگرہ بھی قرنطینہ میں ہی منائی۔

یہ بھی پڑھیں: ثنا میر بھی کورونا کا شکار ہوگئیں

کورونا کی تشخیص کے باوجود ثنا میر سوشل میڈیا پر متحرک دکھائی دیں اور انہوں نے گزشتہ 24 دن میں متعدد پوسٹس کیں۔

ثنا میر کورونا سے قبل مقامی سطح پر ہونے والی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران کمنٹری کے فرائض سر انجام دے رہی تھیں۔

تاہم 29 جنوری کو انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا کہ 24 دن بعد ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔

سابق کرکٹر نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ انہوں نے کورونا کی وجہ سے کچھ وقت گھر میں رہ کر گزارا مگر اب دوبارہ کام شروع کرنے کا وقت آگیا ہے۔

ثنا میر سے قبل بھی متعدد اسپورٹس شخصیات بھی کورونا کا شکار ہوچکی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات تو محض 10 دن جب کہ بعض شخصیات تین سے 4 ہفتوں کے دوران صحت یاب ہوچکی تھیں۔

اسپورٹس شخصیات کے علاوہ شوبز و سیاسی شخصیات بھی کورونا کا شکار ہوئی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات ایک ماہ کے اندر ہی صحت یاب ہوگئیں۔

ملک بھر میں اگرچہ تاحال کورونا کی وجہ سے پابندیاں نافذ ہیں تاہم کیسز میں کمی دیکھی جا رہی ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد پابندیوں کو نرم کردیا جائے گا۔

ملک بھر میں 28 جنوری تک کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 39 ہزار 387 تک جا پہنچی تھی، جس میں 4 لاکھ 94 ہزار 578 افراد صحت یاب ہوچکے تھے۔

پاکستان میں 28 جنوری تک کورونا کے باعث چل بسنے والے افراد کی تعداد 11 ہزار 514 تک جا پہنچی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024