• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں فارن فنڈنگ کی بنیاد نواز شریف نے رکھی، فرخ حبیب

شائع January 28, 2021
فرخ حبیب کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو—تصویر: ڈان نیوز
فرخ حبیب کی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو—تصویر: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ملک میں فارن فنڈنگ کی بنیاد رکھی اور ایک کروڑ ڈالر اسامہ بن لادن سے لے کر بینظیر بھٹو کی حکومت ختم کرنے کے لیے تحریک عدم اعتماد لانے میں استعمال کیے۔

سلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کے پاس فارن فنڈنگ کی تحقیقات کرنے والی اسکروٹنی کمیٹی کے پاس جمع کروانے کے لیے کوئی رسیدیں نہیں ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ مریم نواز کہاں چھپی بیٹھی ہیں، وہ قبضہ گروپس کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے پہنچ جاتی ہیں، جھوٹ کی داستانیں سنانے کے لیے احتجاج کرنے الیکشن کمیشن کے باہر پہنچ جاتی ہیں لیکن اسی الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی مریم صفدر اور 'پرچی چیئرمین' بلاول بھٹو سے ان کے کھاتوں میں آئے ہوئے پیسے کا حساب مانگ رہی ہے، اس کے ذرائع پوچھ رہی ہے تو یہ یہاں آکر پیش ہونے کے لیے تیار نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت نہیں ہو سکتی، الیکشن کمیشن

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ مریم صفدر اور بلاول بھٹو اپنی روپوشی کو ختم کریں اور الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے کھاتوں کا ریکارڈ لے کر خود پیش ہوں اور بتائیں کہ کن ذرائع سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے آئے جس کا آج تک جواب جمع نہیں کرواسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے ان کے عدم تعاون کی وجہ سے بینکوں سے ان کے اکاؤنٹس کا ریکارڈ طلب کیا تھا جو موصول ہو چکا ہے اور کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور اس میں معلوم ہوگا کہ ان کے جمع کروائے ریکارڈ اور بینک کے ریکارڈ میں کیا کہا جارہا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ان کے پاس دکھانے کو رسیدیں موجود نہیں ہیں، ہمیشہ یہ بلنگ و بانگ دعوے کر کے بھاگ جاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ہم انہیں دم دبا کر بھاگنے نہیں دیں گے، ان کا پیچھا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر صورت کمیٹی میں ان کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کروائیں گے، قوم دیکھے گی کہ جس گڑھے میں یہ ہمیں گرانا چاہتے تھے اس میں خود گرے ہوئے ہیں اور ان کی فارن فنڈنگ، رشوت اور جعلی اکاؤنٹس سامنے آئیں گے۔

مزید پڑھیں:فارن فنڈنگ کیس سے خوف ہوتا تو اوپن سماعت کا نہیں کہتا، وزیر اعظم

پی ٹی آئی رہنما نے 'بینظیر بھٹو ری کنسیلی ایشن' نامی کتاب دکھاتے ہوئے کہا کہ وہ خصوصی طور پر فارن فنڈنگ کے طعنے دینے والوں کے لیے یہ کتاب لے کر آئے ہیں۔

مریم صفدر یہ کتاب پڑھیں صفحہ نمبر 201 پر تحریر ہے کہ آپ کے والد نواز شریف نے ملک میں فارن فنڈنگ کی بنیاد رکھی اور ایک کروڑ ڈالر اسامہ بن لادن سے لے کر بینظیر بھٹو کی حکومت ختم کرنے کے لیے تحریک عدم اعتماد لانے میں استعمال کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب مولانا فضل الرحمٰن ہیں جو ان کے بھی امام نکلے، وہ ببانگ دہل اپنے دفاتر کے باہر (فارن فنڈنگ) کی تختیاں لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے پشاور دفتر کی فنڈنگ لیبیا کے متوفی کرنل معمر قذافی نے کی تھی، ایک غیر ملک کے سربراہ نے پاکستان کی ایک سیاسی جماعت کو اپنا دفتر بنانے کے لیے فنڈز دیے اور اس کے بارے میں فخریہ انداز میں انہوں نے لکھا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت ہوگی، الیکشن کمیشن

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ یہ لوگ فارن فنڈنگ کی بات کرتے ہیں جبکہ حافظ حسین احمد بھی انکشافات کرچکے ہیں، میں الیکشن کمیشن سے گزارش کرتا ہوں کہ 24 فروری کے نوٹس میں جے یو آئی سے نکالے گئے رہنماؤں کو بلالیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فارن فنڈنگ کا گینگ ہے جو غیر ملکیوں سے پیسے لے کر ملک میں کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، کس ایجنڈے پر انہوں نے ملک میں عدم استحکام لانے کے لیے گزشتہ برس لانگ مارچ کیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اس کرپٹ مافیا کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے پرویز مشرف وردی میں تھے، ساری بیوروکریسی، نیب، پی سی او کے ججز اور ادارے ان کے ماتحت تھے لیکن وہ بھی ان کے دباؤ کے آگے نہیں کھڑے ہوسکے اور ایک نہیں دو این آر او دینے پڑے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024