• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کورونا وائرس: ملک میں مزید 2 ہزار 371 مریض شفایاب، فعال کیسز 33 ہزار 295 رہ گئے

شائع January 28, 2021
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز ہزاروں جبکہ اموات درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں تاہم گزشتہ 2 روز میں اموات کی تعداد بڑھتی دکھائی دی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 910 کیسز سامنے آئے جبکہ 64 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم مزید 2 ہزار 371 مریض اس وائرس سے شفایاب بھی ہوئے۔

اس طرح ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 39 ہزار 387 ہوگئی جس میں سے 91.7 فیصد یعنی 4 لاکھ 94 ہزار 578 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 11 ہزار 514 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اب ملک میں فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 295 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں تھی۔

تاہم تقریباً 2 ماہ بعد 18 جنوری سے نویں سے 12ویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے گئے البتہ جامعات اور پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے لیے تعلیمی اداروں کو یکم فروری سے کھولا جائے گا۔

آج 28 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 890 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 683 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 32 مریضوں کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 957 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 591 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 805 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 15 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 661 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 245 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 66 ہزار 198 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 13 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 870 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 788 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 193 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 104 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 41 ہزار 76 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 3 مریضوں کا انتقال ہوا، جس پر مجموعی تعداد 472 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 54 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 931 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض انتقال کرگیا جس سے یہ مجموعی تعداد 259 تک جاپہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 3 افراد کا اضافہ ہوا اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 906 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 371 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 94 ہزار 578 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 539387

صحتیاب: 494578

اموات: 11514

فعال کیسز: 33295

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 43 ہزار 683 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 805 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 66 ہزار 198 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 788 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 41 ہزار 76، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 931 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 906 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3957

پنجاب: 4661

خیبرپختونخوا: 1870

بلوچستان: 193

اسلام آباد: 472

آزاد کشمیر: 259

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024