• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بختاور بھٹو کی اجرک کے ڈیزائن کی مہندی کے چرچے

شائع January 28, 2021
بختاور بھٹو نے تاحال مہندی کی تقریب کی تصویر خود شیئر نہیں کی — فوٹو: انسٹاگرام/ ٹوئٹر
بختاور بھٹو نے تاحال مہندی کی تقریب کی تصویر خود شیئر نہیں کی — فوٹو: انسٹاگرام/ ٹوئٹر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات جاری ہیں اور دو دن بعد ان کی رخصتی ہونے کی خبریں ہیں۔

بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی تقریبات کا آغاز 25 جنوری سے ان کی سالگرہ کے موقع پر ہوا اور ابتدائی طور پر محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا تھا۔

سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی کی شادی کے موقع پر اگرچہ انتہائی کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے، تاہم ان کی شادی کی تقریبات میں وہ تمام رسومات ادا کی جا رہی ہیں، جو سندھی و بلوچی خاندانوں کی شادیوں میں ادا کی جاتی ہیں۔

بختاور بھٹو کی مہندی کی تقریب 27 جنوری کو ہوئی اور اگرچہ انہوں نے تاحال مہندی کی تقریب کی کوئی تصویر یا ویڈیو جاری نہیں کی تاہم ان کے ہاتھ پر لگائی گئی مہندی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بختاور بھٹو کی مہندی ڈیزائن کرنے والی خاتون کے ساتھ بھی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مہندی کی تصویر کو ابتدائی طور پر پیپلز پارٹی کے رکن اور سوشل میڈیا ٹیم میں شامل رضا دھاریجو نے اپنی مختصر ویڈیو اور ٹوئٹ میں شیئر کیا تھا۔

بختاور بھٹو مہندی ڈیزائن کرنے والی خاتون ام کلثوم کے ہمراہ—فوٹو: انسٹاگرام
بختاور بھٹو مہندی ڈیزائن کرنے والی خاتون ام کلثوم کے ہمراہ—فوٹو: انسٹاگرام

جب کہ مہندی ڈیزائن کرنے والی خاتون کے ساتھ وائرل ہونے والی تصویر کو شرمیلا فاروقی نے انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی، ترجمان بلاول ہاؤس

وائرل ہونے والی تصویر میں بختاور بھٹو کے ہاتھ پر اجرک کے ڈیزائن سے مشابہہ مہندی کی ڈیزائن کو دیکھا جا سکتا ہے۔

اجرک کے ڈیزائن کی طرح بنائی گئی مہندی کے بعد بختاور بھٹو زرداری کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور ان کے مہندی کے ڈیزائن کو بھی سراہا جا رہا ہے۔

بختاور بھٹو کی مہندی کی تقریب 27 جنوری کی شب کو ہوئی—فوٹو: رضا دھاریجو
بختاور بھٹو کی مہندی کی تقریب 27 جنوری کی شب کو ہوئی—فوٹو: رضا دھاریجو

بختاور بھٹو کے ہاتھ پر اجرک کے ڈیزائن کی مہندی کراچی کی مہندی ڈیزائنر ام کلثوم نے لگائی تھی، جنہیں خصوصی طور پر بلاول ہاؤس مدعو کیا گیا تھا۔

ام کلثوم نے نجی ٹی وی جی این این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر بختاور بھٹو زرداری نے ان سے کسی بھی ڈیزائن کی فرمائش نہیں کی تھی اور کہا تھا کہ بس مہندی لگادیں۔

ام کلثوم کے مطابق تاہم جب انہوں نے بختاور بھٹو زرداری کے ہاتھ پر مہندی لگانے کا نصف ڈیزائن مکمل کیا تو انہوں نے ایک بار پھر بختاور سے پوچھا کہ وہ کوئی خاص ڈیزائن تو نہیں بنوانا چاہتیں؟

ام کلثوم نے بتایا کہ ان کی جانب سے دوبارہ پوچھے جانے پر بختاور بھٹو زرداری نے ان سے اجرک کا ڈیزائن بنانے کی فرمائش کی۔

ایک سوال کے جواب میں ام کلثوم نے بتایا کہ بختاور بھٹو زرداری کو جو مہندی لگائی گئی ہے، وہ خاص قسم کی مہندی ہے، جس کا رنگ 2 دن بعد نکھرے گا اور وہ کئی دن تک ان کے ہاتھ پر رہے گا۔

بختاور بھٹو کی جانب سے اجرک کے ڈیزائن کا مہندی لگوانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ شادی کے جوڑے میں اجرک کو بھی اپنا حصہ بنائیں گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

عام طور پر بختاور بھٹو زرداری کو اجرک استعمال کرتے اور اجرک کے ڈیزائن سے مشابہہ بنی دیگر چیزوں کو بھی استعمال کرتے دیکھا جاتا ہے۔

بختاور بھٹو کی مہندی کے موقع پر ان کی والدہ بینظیر بھٹو کی مہندی کی تقریب کی تصاویر کو بھی شیئر کیا جا رہا ہے اور بختاور سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی اپنی مہندی کی تصاویر یا ویڈیو شیئر کرے۔

یاد رہے کہ بختاور بھٹو کا نکاح 29 جنوری جب کہ شادی کی ایک تقریب 30 جنوری کراچی میں بلاول ہاؤس میں ہوگی، علاوہ ازاں ان کی شادی کی تقریبات لاڑکانہ، لاہور اور اسلام آباد میں بھی منعقد کی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024