گورنر ہاؤس کی گاڑی میں کتے کی سیر کی ویڈیو پر عمران اسمٰعیل نے وضاحت کردی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل کا گورنرہاؤس کی گاڑی میں کتے کی سیر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر بیان سامنے آگیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئر پر ایک ویڈیو پیغام میں عمران اسمٰعیل نے کہا کہ آج ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں دکھایا جارہا ہے کہ سرکاری گاڑی یعنی گورنر ہاؤس کی گاڑی میں ایک کتا جارہا ہے جسے پروٹوکول دیا جارہا ہے، یہ ویڈیو غلط اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
ویڈیو دیکھیں: گورنر ہاؤس کراچی کی گاڑی میں کتے کی سیر کی ویڈیو وائرل
انہوں نے کہا کہ اصل میں اس گاڑی میں میرے گھر والے اہلیہ اور بیٹی موجود تھیں جن کی ویڈیو بنائی گئی اور ایک انتہائی غیرسنجیدہ اور بری حرکت کی گئی۔
عمران اسمٰعیل نے کہا کہ ویڈیو بننے کی وجہ سے میری اہلیہ اور بیٹی پیچھے ہوگئیں تاکہ ان کی ویڈیو نہ آئے اور وہ دیکھ رہے تھے گاڑی کو برابر میں لاکر ویڈیو بنانے کی کوشش کی جارہی تھی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جسے پروٹوکول کہا جارہا ہے وہ گورنر کے اہل خانہ کی حفاظت کے لیے ہے جو گورنر کو دی جاتی ہے اور میرے اہل خانہ کے ساتھ پولیس کی موبائل چلتی ہے جبکہ اگر اندر کتا موجود ہے تو یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے یہ گاڑی کتے کو گھمانے کے لیے استعمال نہیں ہورہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’جو صاحب یہ ویڈیو بنا رہے تھے وہ خود کرپٹ اور حکومت کا حصہ ہیں، جو بے انتہا الزامات کی زد میں ہیں، بجائے اس کے کہ وہ اپنے الزامات کو ثابت کریں کہ وہ غلط ہیں، بجائے اس کے کہ وہ اسے عدالتوں اور عوام کے سامنے ثابت کریں وہ دوسروں کے گھر والوں کی ویڈیو بنا کر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہر چیز غلط ہورہی ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان: لینڈکروزر چلاتے ہوئے 'ننھے ڈرائیور' کی ویڈیو وائرل
انہوں نے کہا کہ ہم ایک تبدیلی کے لیے آئے ہیں اور وہ تبدیلی یہاں نظر آرہی ہے، ہم نے ہر چیز کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے اور کر رہے ہیں اور جب تک عمران خان کی حکومت ہے یہ تبدیلی آکر رہے گی۔
دوسری جانب اس معاملے پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواہد چوہدری نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اس طرح کی ویڈیوز بنانا گھر والوں کی رازداری (پرائیویسی) میں مداخلت اور گھٹیا بات ہے۔
انہوں نے لکھا کہ کراچی میں گورنر کی فیملی کو سیکیورٹی دینا اہم ہے، وہاں کے حالات کا سب کو پتا ہے، تمام کتوں سے پیار کرنے والے (Dog Lovers) اپنے کتے ساتھ ہی لے کر سفر کرتے ہیں اس میں کیا ہے؟
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کی سڑک پر گورنر ہاؤس کی گاڑی میں کتے کے سفر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائر ہوئی تھی، مذکورہ گاڑی کے ہمراہ ایک پولیس کی موبائل بھی تھی۔
یہ ویڈیو سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وزیر تیمور تالپور کی جانب سے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر گورنر سندھ پر سخت تنقید کی گئی تھی جبکہ یہ موضوع ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں شامل رہا تھا۔