بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کیلئے مقامی فنکار مدعو

شائع January 27, 2021
بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات 25 جنوری کو ان کے سالگرہ کے دن سے شروع ہوئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات 25 جنوری کو ان کے سالگرہ کے دن سے شروع ہوئی تھیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کا آغاز یوں تو 25 جنوری کو ہی ہوگیا تھا۔

مگر آج سے ان کی مہندی کی تقریب سے ان کی شادی کی مرکزی تقریبات کا آغاز ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے رکن اور سوشل میڈیا ٹیم میں شامل رضا دھاریجو کی ٹوئٹ کے مطابق بختاور بھٹو کی مہندی کی تقریبات آج سے شروع ہوگئیں۔

بختاور بھٹو کی شادی کے سامنے آنے والے کارڈ میں بھی ان کی مہندی کی تقریب 27 جنوری درج تھی۔

ذرائع کے مطابق مہندی کی تقریبات بھی بلاول ہاؤس میں ہوں گی، جن میں بھٹو زرداری خاندان کے قریبی افراد اور انتہائی خاص دوست شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی، ترجمان بلاول ہاؤس

مہندی کی تقریب کے ساتھ ہی بختاور بھٹو کی شادی کی مرکزی تقریبات شروع ہوگئیں اور ان کا نکاح 29 جنوری کو ہونے کی خبریں ہیں۔

رضا دھاریجو نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ بختاور بھٹو کی شادی کی مرکزی تقریبات میں مہمانوں کو محظوظ کرنے کے لیے مختلف پروگرامات ترتیب دیے گئے ہیں، جن میں مقامی فنکار فن کا مظاہرہ بھی کریں گے۔

سندھی نیوز چینل آواز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب میں لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے فوک ڈانسر شمن علی چانڈیو کو اپنی ٹیم کے ہمراہ مدعو کیا گیا ہے جو 27 جنوری کو بلاول ہاؤس پہنچیں گے۔

اس حوالے سے شمن علی چانڈیو نے خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں بلاول بھٹو نے اپنی بہن کی شادی کی تقریبات میں پرفارمنس کے لیے مدعو کیا۔

فوک ڈانسر کے مطابق وہ شادی کی تقریبات میں خالص سندھی و بلوچی سمیت دیگر علاقائی فوک ڈانسز پر پرفارمنس کریں گے۔

دوسری جانب رپورٹس ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری نے بہن کی شادی کے حوالے سے اپنی تمام تر سیاسی سرگرمیوں کو کچھ دنوں تک معطل کردیا اور وہ بختاور کی شادی ہوجانے تک بلاول ہاؤس میں ہی رہیں گے۔

رپورٹس ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری بہن کی شادی کی تقریبات کے دوران اہم مہمانوں کو خوش آمدید کہیں گے۔

بلاول ہاؤس ترجمان نے پہلے ہی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ شادی کی مرکزی تقریب میں صرف 300 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بھٹو زرداری خاندان کی جانب سے کن مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے تاہم گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ انہیں شادی کی دعوت نہیں دی گئی۔

اے آر وائے نیوز کے مطابق میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ بختاور بھٹو کی شادی میں کون سی بڑی شخصیات شرکت کریں گی تاہم انہیں مدعو نہیں کیا گیا۔

بختاور بھٹو نے 27 نومبر 2020 کو منگنی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
بختاور بھٹو نے 27 نومبر 2020 کو منگنی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

دوسری جانب انگریزی اخبار دی نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ذاتی مصروفیات کے باعث بختاور بھٹو کی شادی میں شرکت نہیں کریں گی۔

رپورٹ میں مریم نواز کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر ذاتی مصروفیات کے باعث 30 جنوری کو بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی۔

مزید پڑھیں: سالگرہ کے دن سے بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کا آغاز

تاہم مریم نواز کے ترجمان نے واضح نہیں کیا کہ انہیں مدعو کیا گیا ہے یا نہیں اور مریم نواز کن مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کریں گی۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس ہیں کہ آصف علی زرداری نے بیٹی کو شادی کے موقع پر خصوصی تحفہ دینے کا بندوبست بھی کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کچھ دنوں کے لیے سیاسی سرگرمیاں بھی معطل کردیں، ذرائع—فوٹو: بلاول بھٹو ٹوئٹر
بلاول بھٹو نے کچھ دنوں کے لیے سیاسی سرگرمیاں بھی معطل کردیں، ذرائع—فوٹو: بلاول بھٹو ٹوئٹر

سما نیوز کے مطابق آصف علی زرداری نے بختاور بھٹو کو شادی کے موقع پر بلاول ہاؤس کے اندر الگ گھر بناکر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آصف علی زرداری نے بڑی صاحبزادی سمیت چھوٹی صاحبزادی کے لیے بھی بلاول ہاؤس میں الگ پورشن بنوایا ہے۔

رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بختاور بھٹو شادی کے بعد بلاول ہاؤس میں بنوائے گئے مذکورہ پورشن میں رہیں گی یا شوہر کے ساتھ دبئی منتقل ہوجائیں گی۔

تاہم رپورٹس ہیں کہ بختاور بھٹو زرداری شوہر کے ساتھ دبئی منتقل ہوجائیں گی تاہم وہ پاکستان آنے کے دوران والد کی جانب سے بنوائے گئے خصوصی پورشن میں قیام کریں گی۔

محمود چوہدری بھی گزشتہ ہفتے ہی اہل خانہ سمیت دبئی سے کراچی پہنچے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
محمود چوہدری بھی گزشتہ ہفتے ہی اہل خانہ سمیت دبئی سے کراچی پہنچے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025