• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں فواد عالم کی سنچری، پاکستان کو 88 رنز کی برتری حاصل

شائع January 27, 2021
فواد عالم اور اظہر علی نے دن کے پہلے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی — فوٹو: اے ایف پی
فواد عالم اور اظہر علی نے دن کے پہلے سیشن میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فواد عالم کی عمدہ سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 88 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 33 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ 220 رنز پر آؤٹ، پاکستان 4 وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار

دن کے آغاز میں فواد عالم اور اظہر علی، دونوں نے محتاط انداز اپنایا اور ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔

پہلے سیشن کے دوران جنوبی افریقہ کو ایک وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

91 کے مجموعی اسکور پر کیشپ مہاراج کی باؤلنگ پر گیند فواد عالم کے بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں گئی لیکن ڈین ایلگر کیچ لینے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے مہمان ٹیم کو کوئی موقع نہ دیا اور پہلے سیشن میں کوئی بھی وکٹ نہ گرنے دی۔

یہ بھی پڑھیں: کوچ کے مشورے کے بغیر ٹیم نہیں بنا سکتے، بابر اعظم

کھانے کے وقفے کے بعد اظہر علی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن کیشپ مہاراج کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

اظہر نے آؤٹ سے قبل فواد کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 94 رنز کی شراکت قائم کی۔

دوسرے اینڈ پر فواد عالم ڈٹے رہے اور انہوں نے بھی ففٹی مکمل کرنے کے بعد محمد رضوان کے ہمراہ 55 رنز جوڑے، رضوان 33 رنز بنانے کے بعد لنگی نگیدی کا شکار بنے۔

فواد عالم اور فہیم اشرف نے ٹیم کو خسارے سے نکالتے ہوئے برتری دلا دی اور فواد نے مہاراج کو چھکا لگا کر اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔

فواد عالم 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد نگیدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تاہم دوسری طرف فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ کھیل جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن 64 رنز پر ان کی اننگز بھی اپنے اختتام کو پہنچی اور یوں پاکستان کو آٹھویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔

حسن علی 11 اور نعمان علی 6 بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ مجموعی طور پر پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنا کر 88 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے میچ کے پہلے دن ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 220 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

ڈین ایلگر 58 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے تھے جبکہ جیارج لنڈے نے 35 اور فاف ڈیو پلیسی نے 23 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے تھے جبکہ پہلا میچ کھیلنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کو ٹیم کے انتخاب میں 'بہادرانہ' فیصلہ کرنا ہوگا، مارک باؤچر

جواب میں پاکستان کی ٹیم پہلے دن کے اختتام پر 33 رنز پر چار وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔

آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں پہلا میچ کھیلنے والے عمران بٹ، عابد علی، کپتان بابر اعظم اور نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے جس میں وہ دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

جنوبی افریقہ: کوئنٹن ڈی کوک (کپتان)، ڈین ایلگر، ایڈن مرکرم، فاف ڈیو پلیسی، راسی وین ڈر ڈوسن، ٹیمبا باووما، جیورج لنڈے، کیشپ مہاراج، کگیسو ربادا، اینرچ نورجے اور لنگی نگیدی

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، عمران بٹ، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، نعمان علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی

تبصرے (1) بند ہیں

سلطان اختر Jan 27, 2021 06:51pm
Good Job Pakistan Team. Keep it up!!!

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024