• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملتان: لینڈکروزر چلاتے ہوئے 'ننھے ڈرائیور' کی ویڈیو وائرل

شائع January 26, 2021
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے گاڑی مالک کی تلاش شروع کردی—تصویر: ڈان نیوز
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے گاڑی مالک کی تلاش شروع کردی—تصویر: ڈان نیوز

سوشل میڈیا پر آئے روز مختلف حوالے سے ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں جس پر کبھی کبھار حکام بالا کی جانب سے نوٹس لیا جاتا ہے اور کبھی ان پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔

آج کل سوشل میڈیا پر جو ویڈیو وائرل ہورہی ہے وہ ایک کم سن بچے کی گاڑی چلانے کی ویڈیو ہے جس پر اب تک حکام کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔

صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں ایک بچے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ایک سیاہ رنگ کی لینڈکروزر گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ جس کی عمر 5 یا 6 سال سے بھی کم معلوم ہوتی ہے وہ شہر کی ایک مصروف شاہ بوسن روڈ پر لینڈکروزر کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ کر اسے چلا رہا ہے جبکہ اس کے برابر والی نشست خالی ہے۔

مزید پڑھیں: ایک خاتون کی جدوجہد کی یہ وائرل ویڈیو مسکرانے پر مجبور کردے گی

تاہم گاڑی کی پچھلی نشستوں پر کوئی موجود تھا یا نہیں اس بارے میں ویڈیو سے واضح نہیں ہوسکا کیونکہ لینڈکروزر کی پچھلی نشستوں کی کھڑکیوں پر سیاہ گلاس لگے ہوئے تھے۔

اس ویڈیو کے سامنے آتے ہی اسے بڑی تعداد میں شیئر کیا جانے لگا تاہم اس طرح لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے پر ابھی تک گاڑی کے مالک یا بچے کے والدین کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

دوسری جانب چیف ٹریفک افسر (سی ٹی او) محمد ظفر بزدار کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے گاڑی اور اس کے مالک کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیالکوٹ میں وزیراعظم عمران خان کے ہم شکل کی ویڈیو وائرل

اس حوالے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ اگر کسی کے پاس اس گاڑی کے مالک کے بارے میں معلومات ہوں تو وہ پولیس کی ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔

وہیں ترجمان سٹی پولیس عدنان کا کہنا تھا کہ تمام سیکٹر انچارجز اور ٹریفک وارڈنز کو گاڑی سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی جانچ کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی جہاں بھی نظر آئے اس کے خلاف کارروائی کریں جبکہ سی ٹی او کی ہدایت پر معاملے پر مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024