• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خواہش تھی کہ ایسے لڑکے سے شادی ہو، جس پر لڑکیاں مرتی ہوں، عائزہ خان

شائع January 26, 2021
عائزہ خان اور دانش تیمور نے 2014 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عائزہ خان اور دانش تیمور نے 2014 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ برس کے مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ عائزہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل ان کی خواہش تھی کہ ان کی شادی کسی ایسے لڑکے سے ہو، جس پر دنیا کی تمام لڑکیاں مرتی ہوں۔

عائزہ خان اپنے شوہر دانش تیمور کے ساتھ اداکار احسن خان کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں دونوں نے نہ صرف شوبز کی دنیا سے متعلق باتیں کیں بلکہ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔

طویل پروگرام میں بات کرتے ہوئے عائزہ خان اور دانش تیمور نے اعتراف کیا کہ دونوں کبھی ایک دوسرے کو کسی طرح کے ڈرامے یا فلم میں کام کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کچھ نہیں کہتے۔

دانش تیمور نے بتایا کہ انہیں آج تک عائزہ خان نے کبھی کسی ڈرامے یا فلم میں کسی ہیروئن کے ساتھ رومانس کرنے سے نہیں روکا۔

ساتھ ہی عائزہ خان نے بھی بتایا کہ انہیں دائش تیمور نے آج تک کسی ڈرامے میں کام کرنے سے نہیں روکا، البتہ وہ ان سے تجویز مانگتی ہیں کہ وہ فلاں منصوبے میں کام کریں یا نہ کریں؟

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اسی بحث کے دوران عائزہ خان نے بتایا کہ انہیں شوہر کی جانب سے فلموں یا ڈراموں میں ہیروئنز کے ساتھ رومانس کرنے پر کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔

عائزہ خان نے دلیل دی کہ ان کی تو بچپن میں ہی خواہش تھی کہ وہ ایسے لڑکے سے شادی کریں، جس پر دنیا کی ساری لڑکیاں مرتی ہیں اور وہ لڑکا ان پر مرتا ہو۔

یہ بھی پڑھیں: عائزہ خان کا ذاتی زندگی کے حوالے سے حیران کن انکشاف

عائزہ خان کے مطابق ان کی خواہش پوری ہوگئی اور انہوں نے جیسا سوچا تھا کہ وہ کسی ہیرو کے ساتھ شادی کریں گی، ایسا ہی ہوا۔

طویل پروگرام میں دونوں نے شوبز سے متعلق بھی باتیں کیں اور ساتھ ہی شادی سے قبل اپنے تعلقات کا بھی پہلی بار کھل کر اعتراف کیا۔

دونوں کا شمار رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کا شمار رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

عائزہ خان کے مطابق ان کے شادی سے قبل 6 سال تک دانش تیمور کے ساتھ تعلقات رہے تھے تاہم ان دونوں میں حقیقی اور گہرا پیار شادی کے بعد ہی ہوا۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں دانش تیمور نے بتایا کہ شادی سے قبل ان دونوں کی منگنی ہوئی تھی تاہم کچھ مسائل کی وجہ سے ان کی منگنی بھی ٹوٹ گئی تھی۔

مزید پڑھیں: دانش تیمور نے عائزہ کو شادی کی پیشکش کیسے کی؟

اداکار نے بتایاکہ جن دنوں ان کی منگنی ٹوٹی تھی، ان دنوں وہ کام کے سلسلے میں بھارت گئے تھے اور وہاں سے واپسی کے بعد انہوں نے عائزہ خان کا فون نمبر ’سمرن ٹیلی نار‘ کے نام سے محفوظ کیا تھا۔

دانش تیمور کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی منگنی ٹوٹ چکی تھی تاہم وہ عائزہ کے ساتھ دوبارہ تعلق جوڑنا چاہتے تھے، اسی وجہ سے ان کا نمبر گھر والوں کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے دوسرے نام سے محفوظ کیا تھا۔

دانش تیمور نے بتایا کہ بعد ازاں ایک شوبز شخصیت کے تعاون سے ان کے درمیان دوبارہ تعلقات استوار ہوئے اور 6 سال قبل انہوں نے شادی کرلی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

شادی کے حوالے سے عائزہ خان نے بتایا کہ جب ان کے اور دانش تیمور کے درمیان تعلقات تھے تو ایک دن دانش نے انہیں فون کرکے بتایا کہ وہ ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں اور وہ صرف ان کی رضامندی جاننا چاہتے ہیں۔

عائزہ خان کے مطابق انہیں شادی کی پیش کش کرنے سے قبل دانش تیمور نے ان کی والدہ سے شادی کی بات طے کرلی تھی مگر اس کا علم انہیں نہیں تھا۔

ایک سوال کے جواب میں عائزہ خان نے بتایا کہ اپنے بچوں کو سنبھالنا مشکل نہیں ہوتا بلکہ ساس کے بچے کو سنبھالنا مشکل ہوتا ہے۔

دونوں کو دو بچے بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کو دو بچے بھی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پروگرام میں دانش تیمور نے انکشاف کیا کہ عائزہ خان سے نکاح کرنے کے بعد ان دونوں کے درمیان محبت بڑھی اور شادی کے بعد کی محبت کا سکون وہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔

خیال رہے کہ دانش تیمور اور عائزہ خان نے 2014 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں بیٹی حورین کی پیدائش 2015 میں جبکہ بیٹے ریان کی پیدائش 2017 میں ہوئی تھی۔

دونوں نے ایک ساتھ ڈراموں میں کام بھی کیا ہے جب کہ دونوں شوبز انڈسٹری کے مقبول اداکار ہیں اور ان کا شمار شوبز کی رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024