• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فرانس میں 'محرم رشتوں' کے جنسی حملوں کے خلاف مہم

شائع January 25, 2021
خواتین سوشل میڈیا پر اپنے ساتھ ہونے والےواقعات کو بیان کر رہی ہیں—فائل فوٹو: lacroix
خواتین سوشل میڈیا پر اپنے ساتھ ہونے والےواقعات کو بیان کر رہی ہیں—فائل فوٹو: lacroix

یورپی ملک فرانس میں محرم یعنی اپنے ہی اہل خانہ اور قریبی رشتے داروں کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف شروع ہونے والی سوشل میڈیا کی مہم نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے فرانس 24 کے مطابق فرانسیسی لکھاری و قانون دان Camille Kouchner کی کتاب سامنے آنے کے بعد فرانس میں محرم کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعات کو سامنے لانے کا سلسلہ شروع ہوا۔

مذکورہ لکھاری کی حال ہی میں ایک کتاب سامنے آئی، جس میں انہوں نے سوتیلے والد کی جانب سے اپنے بھائی کو کم عمری میں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعے سے پردہ اٹھایا۔

لکھاری Camille Kouchner نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ ان کے سوتیلے والد نے ان کے بھائی کو محض 14 برس کی عمر میں جنسی طور پر ہراساں کیا۔

مذکورہ مہم کا آغاز ایک کتاب سامنے آنے کے بعد ہوا—فوٹو: ٹوئٹر
مذکورہ مہم کا آغاز ایک کتاب سامنے آنے کے بعد ہوا—فوٹو: ٹوئٹر

لکھاری نے کتاب میں اپنے اور جڑواں بہن کے ساتھ بھی سوتیلے والد کے برے سلوک کا ذکر کیا ہے تاہم انہوں نے خود کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی بات نہیں کی۔

لکھاری Camille Kouchner کے سوتیلے والد معروف فرانسیسی ماہرِ سیاست ہیں۔

ان کی مذکورہ کتاب سامنے آنے کے بعد ٹوئٹر پر می ٹو طرز کا فرانیسی زبان میں (می ٹو انسیسٹ) کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ہزاروں افراد نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعات بیان کیے۔

اسی حوالے سے یورو نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ می ٹو انسیسٹ کا مطلب محرم یا اپنے قریبی اہل خانہ کی جانب سے جنسی حملے کیے جانا یا پھر جنسی طور پر ہراساں کیا جانا ہے۔

ہزاروں نوجوان فرانسیسی مرد و خواتین نے مذکورہ ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے بچپن میں اپنے ساتھ ہونے والے واقعات کا ذکر کیا۔

فرانس 24 کے مطابق ایک خاتون نے لکھا کہ جب وہ محض 5 سال کی تھیں تو ان کے ماموں نے ان کا بچپن ان سے چھین لیا اور انہیں اس وقت ایسا لگا کہ وہ بچی نہیں بلکہ 100 سالہ خاتون ہیں۔

اسی طرح ایک اور خاتون نے لکھا کہ جب وہ بچپن میں لیگو گیم کھیل رہی تھیں تو انہیں ان کے خاندان کے شخص نے آکر نشانہ بنایا۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ انہیں 3 سال کی عمر میں 14 سال کے کزن نے نشانہ بنایا اور باقی زندگی انہوں نے ڈر، خوف اور بیماری میں گزاری۔

اسی طرح ہزاروں مرد و خواتین نے اپنے ساتھ ہونے والے جنسی حملوں کو بیان کرکے فرانسیسی معاشرے کو ہلاکر رکھ دیا۔

یورو نیوز کے مطابق فرانس میں اہل خانہ یا قریبی رشتہ داروں کی جانب سے نوجوانوں اور خصوصی طور پر لڑکیوں کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی چہ مگوئیاں کافی عرصے سے ہو رہی تھیں۔

تاہم 20 جنوری 2021 کے بعد اس معاملے پر سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگز کے ساتھ ہلا دینے والی مہم کا آغاز ہوا، جس سے سیاسی، سماجی و حکومتی حلقوں میں بھی نئی بحث چھڑ گئی۔

ادھر لکھاری Camille Kouchner کی کتاب سامنے آنے کے بعد پیرس پولیس نے ان کے سوتیلے والد اور سیاسیات کے استاد و سماجی رہنما کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا۔

یورو نیوز کے مطابق جہاں پیرس پولیس نے سیاسیات کے استاد کے خلاف تفتیش شرع کردی، وہیں بعض سیاستدانوں نے سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کے خلاف سخت قوانین بنانے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

خیال رہے کہ حال میں فرانس میں ایک ادارے کی جانب سے کرائے گئے سروے کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ فرانس کے ہر 10 نو عمر افراد میں سے ایک شخص کم عمری میں اپنے قریبی رشتہ داروں کے ہاتھوں جنسی ہراسانی کا شکار بن چکا ہے۔

سوشل میڈیا پر مہم شروع ہونے کے بعد مظاہرے بھی شروع ہوگئے—فوٹو: verietyinfo
سوشل میڈیا پر مہم شروع ہونے کے بعد مظاہرے بھی شروع ہوگئے—فوٹو: verietyinfo

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024