• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دوسروں پر الزام لگانے والوں نے خود قرضوں کے انبار لگا دیے، مریم نواز

شائع January 25, 2021
مریم نواز نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو کی—تصویر: ڈان نیوز
مریم نواز نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو کی—تصویر: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی ہے اور یہ نہیں چل سکتی جبکہ یہ دوسروں کو قرض لینے کا کہتے تھے لیکن خود انہوں نے تاریخی قرضوں کے انبار لگا دیے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ حکومت کی نالائقی اور نااہلی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، آپ نے دیکھا پی آئی اے میں کیا ہوا اور اہم بین الاقوامی تنظیمیں کہہ رہی ہیں کہ پی آئی اے میں سفر نہیں کرنا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آپ نے پائلٹس کی ڈگریوں پر اپنے پائلٹس کو بدنام کیا اور پھر لیز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے آپ کا جہاز ملائیشیا میں روک لیا گیا جبکہ آپ تو کہتے تھے ہم سبز پاس پورٹ کی عزت کرائیں گے لیکن اب سبز پاسپورٹ کو کوئی ماننے کو تیار ہی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی حکومت چلانے کی تیاری نہیں لیکن تابعداری کی پوری تیاری تھی، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی ہے اور یہ نہیں چل سکتی، یہ حکومت نالائقی اور نااہلی کی بلندی پر ہے اور انہوں نے کوئی کارکردگی نہیں دکھائی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ دوسروں کو قرض لینے کا کہتے تھے لیکن خود انہوں نے تاریخی قرضوں کے انبار لگا دیے ہیں، عوام کے اندر آگاہی حکومت کی کارکردگی لاتی ہے اور اس حکومت کی کارکردگی آپ کے سامنے ہے، ہر روز مہنگائی اور مس گورننس کا طوفان آتا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جو ناکامی 73 برس میں نہیں ہوئی وہ ان ڈھائی سالوں میں ہوگئی اور اس تنزلی کے لیے کسی کو کوئی آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ کنٹرول میڈیا پر جو آپ دکھاتے ہیں اور جو اصل حالات ہیں ان کا کوئی مقابلہ نہیں، میڈیا پر آپ چاہے جو بھی دکھائیں لیکن اصل حالات وہ ہیں جو عوام کے گھروں کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخاب سے متعلق انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب چوری ہونے کا واقعہ کوئی اکیلا نہیں بلکہ اسی طرح 2018 کے انتخابات بھی چوری ہوئے تھے اور اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ اپوزیشن کی ناکامی ہے تو یہ ان لوگوں کی ناکامی ہے جنہوں نے یہ کام کیا تھا۔

اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مسلم لیگ (ن) اور ان کے لوگوں سے چاہے کتنے بھی رابطے کرلیں، اب ان کو اپنی پڑگئی ہے، مسلم لیگ (ن) محفوظ ہے، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ کے لیے سارا پاکستان اپلائی کرے گا لیکن ان کے ٹکٹ کے لیے کوئی اپلائی نہیں کرے گا، اس لیے ان کو زیادہ توجہ اپنے اراکین پر دینی چاہیے۔

ویڈیو دیکھیں: 'مریم نواز فیس سیونگ کیلئے گرفتار ہونا چاہتی ہیں'

حکومت کی جانب سے تعاون مانگے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر میں آپ کے سامنے ساری تفصیل کھول دوں کہ یہ کس طرح اپوزیشن کی منتیں کر رہی ہے اور کس طرح اپوزیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ کوئی بات نہیں کرنی تو آپ حیران رہ جائیں گے۔

دوران گفتگو مریم نواز کا کہنا تھا کہ استعفے ضرور دیں گے اور اس پر اتفاق رائے ہوگا، 10، 11 جماعتیں ہیں اور سب کی اپنی اپنی رائے ہوتی ہے لیکن جس وقت پی ڈی ایم سمجھے گی کہ یہ وقت استعفے دینے لیے مناسب ہے اس وقت اس پر عمل کریں گے تاہم ہم کسی کے کہنے یا دباؤ میں آکر فیصلہ نہیں لیں گے۔

علاوہ ازیں پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی لیکن جلد ہی متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024