• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

آزاد کشمیر میں دو ٹریفک حادثات، ماں بیٹے سمیت 8 افراد جاں بحق

شائع January 25, 2021
حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے— فائل فوٹو: اے پی پی
حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے— فائل فوٹو: اے پی پی

آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کے نواح میں علی الصبح دو مختلف ٹریفک حادثات میں ماں بیٹے سمیت 8 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں حادثے پہاڑی رابطہ سڑکوں پہ برف باری کے بعد جمے کورے پر پھسلن کے باعث پیش آئے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: ٹریفک حادثے میں 13 افراد جھلس کر جاں بحق

گڑھی ڈوپٹہ تھانہ کے نائب محرر ظہیر احمد نے ڈان کو بتایا کہ پہلا حادثہ صبح سات بجے پیش آیا جب ایک ہائی ایس ویگن پھسلن کے باعث تولہ کے مقام پر سڑک سے دو سو گز نیچے ایک کھیت میں جا گری۔

مذکورہ ہائی ایس دچھور فقیراں سے گڑھی ڈوپٹہ قصبہ کی جانب آرہی تھی جس میں ڈرائیور سمیت 6 افراد سوار تھے۔

حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور مراد عباسی، سائیں خان اور اقرا بی بی دختر شبیر عباسی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ رفیق عباسی، کبیر عباسی اور نثار عباسی زخمی ہوئے۔

پولیس اہلکار ظہیر احمد کے مطابق دوسرا حادثہ ایک جیپ کو مُوری موڑ نامی مقام پر صبح 9 بجے اس وقت پیش آیا جب وہ ست پِہالی گاؤں سے مرکزی شاہراہ پر واقع کرولی گاؤں آرہی تھی، یہ حادثہ بھی کورے پر پھسلن کی وجہ سے پیش آیا۔

مزید پڑھیں: پنو عاقل میں ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ دوسرا حادثہ پہلے حادثے سے زیادہ خوفناک تھا کیونکہ اس میں گاڑی پتھریلی ڈھلوان پر لڑھکتی ہوئی دو سو گز نیچے جاگری جس کے نتیجہ میں ماں بیٹے سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق اور میاں بیوی سمیت تین دیگر شدید زخمی ہوئے۔

جان بحق ہونے والوں میں سکینہ بی بی، ان کا بیٹا احسان، غلام رسول، خالد اور عبداللہ کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت ڈرائیور الطاف، محمد صدیق اور ان اہلیہ خطیم بی بی شامل ہیں۔

دریں اثنا آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹریفک سڑک کے حادثات میں 8 افراد کی ہلاکت اور چھ دیگر کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

انہوں نے عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ بارش و برف باری سے متاثرہ پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں شدید برف باری، 11 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ موسم سرما میں پہاڑی علاقوں میں برف باری اور بارش کے باعث ہونے والی پھسلن جبکہ میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے اکثر خطرناک حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

گزشتہ دنوں پاک ایران سرحد پر چاغی پر ہونے والے حادثے میں کم از کم 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل مظفرآباد میں پھسلن کی وجہ سے پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024