• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تین بار ورون دھون کو مسترد کرنے والی ان کی دلہن کون ہیں؟

شائع January 25, 2021
گزشتہ 2 سال سے خبریں تھیں کہ وہ جلد شادی کریں گے—فوٹو: انسٹاگرام
گزشتہ 2 سال سے خبریں تھیں کہ وہ جلد شادی کریں گے—فوٹو: انسٹاگرام

کم از کم دو سال کی چہ مگوئیوں کے بعد بولی وڈ ایکشن ہیرو 33 سالہ ورون دھون بالآخر 24 جنوری کو 30 سالہ فیشن ڈیزائنر نتاشا دلال سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

دونوں کی شادی بھارتی ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی کے ساحلی علاقے علی باغ کے پرتعیش ریزورٹ میں ہوئی، جہاں مہمانوں کی محدود تعداد نے شرکت کی۔

یہ پہلے ہی چہ مگوئیاں تھیں کہ کورونا کی وبا کے باعث ورون دھون کی شادی میں کم مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے، تاہم رپورٹس تھیں کہ شادی میں بولی وڈ کے بڑے ستارے ضرور شرکت کریں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: ورون دھون اور نتاشا دلال شادی کے بندھن میں بندھ گئے

ورون دھون اور نتاشا دلال سمیت ان کے والدین نے بھی شادی کے حوالے سے اس وقت تک کوئی بیان نہیں دیا تھا جب تک ان کی شادی نہ ہوگئی۔

شادی ہوجانے کے چند گھنٹے بعد ورون دھون نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ بلآخر اب شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ورون دھون کی جانب سے شادی کی تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد کئی شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کی نئی زندگی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اگرچہ بھارت سمیت پاکستان اور خطے کے بہت سارے لوگ ورون دھون کو ان کی اداکاری کی وجہ سے جانتے ہیں تاہم زیادہ تر افراد اور خود بھارتی لوگ بھی ان کی ہونے والی اہلیہ سے متعلق نہیں جانتے اور گزشتہ ایک ہفتے میں انہیں انٹرنیٹ پر زیادہ سرچ کیا گیا۔

اسی حوالے سے بھارتی اخبارات اور شوبز ویب سائٹس نے ورون دھون کی اہلیہ کے خاندان، ان کے مذہب اور ان کی تعلیم سے متعلق اسٹوریز شائع کی ہیں، جن کے مطابق نتاشا دلال خود کو میڈیا سے دور رکھنے کی عادی ہیں اور انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی عام عوام سے خفیہ رکھا ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انڈیا ٹوڈے کے مطابق نتاشا دلال اور ورون دھون چھٹی جماعت میں ایک ساتھ پڑھے تھے تاہم بعد ازاں وہ الگ ہوگئے اور نتاشا دلال اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا منتقل ہوگئیں، جہاں انہوں نے فیشن ڈیزائننگ میں تعلیم حاصل کی۔

نتاشا دلال کے والد راجیش دلال صنعت کار ہیں جب کہ والدہ گوری دلال گھریلو خاتون ہیں تاہم اس کے باوجود انہیں بھی کاروبار سے دلچسپی ہے۔

نتاشا دلال ممبئی میں ہی پیدا ہوئیں اور نیویارک سے فیشن کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ 2013 میں بھارت واپس آئیں تو انہوں نے اپنا فیشن برانڈ متعارف کرایا۔

دونوں نے 24 جنوری کو سات پھیرے لیے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 24 جنوری کو سات پھیرے لیے—فوٹو: انسٹاگرام

نتاشا نے نتاشا دلال لیبل نامی فیشن برانڈ متعارف کرایا، جس کے ذریعے انہوں نے خواتین کے لباس متعارف کرائے اور انہوں نے بھارت کی گھریلو خواتین سے مل کر دیدہ زیب ملبوسات بھی متعارف کرائیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق نتاشا دلال کی جانب سے فیشن برانڈ متعارف کرائے جانے کے بعد ایک پارٹی کے دوران ورون دھون اور نتاشا دلال ملے اور ان کے درمیان دوبارہ قربتیں پروان چڑھیں جو بلآخر شادی میں تبدیل ہوئیں۔

تاہم کلاس فیلوز سے دوستی اور دوستی سے محبت کا آغاز دونوں کے لیے آسان نہ تھا اور نتاشا دلال نے کم از کم تین بار ورون دھون سے تعلقات بڑھانے سے انکار کیا تھا۔

کورونا کے باعث شادی میں کم مہمانوں نے شرکت کی—فوٹو: انسٹاگرام
کورونا کے باعث شادی میں کم مہمانوں نے شرکت کی—فوٹو: انسٹاگرام

ورون دھون نے ایک پروگرام میں اعتراف کیا تھا کہ محبت پروان چڑھنے سے قبل نتاشا دلال تین بار انہیں مسترد کر چکی تھیں، تاہم بولی وڈ میں 2011 میں اسٹوڈنٹ آف دی ایئر سے اداکاری کا کیریئر شروع کرنے کے بعد نتاشا دلال نے اداکار سے تعلقات بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی۔

بولی وڈ میں اداکاری کے آغاز کے بعد ہی نتاشا دلال نے ورون دھون سے تعلقات استوار کیے اور بعد ازاں وہ ان سے شادی پر رضامند ہوئیں اور ابتدائی طور پر 2018 میں خبریں سامنے آئیں کہ وہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے تاہم ایسا نہ ہوسکا۔

دونوں نے شادی کے موقع پر سفید رنگ کا لباس پہنا—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے شادی کے موقع پر سفید رنگ کا لباس پہنا—فوٹو: انسٹاگرام

دونوں کی شادی کی خبریں 2019 اور 2020 میں بھی جاری رہیں تاہم متعدد وجوہات کی بنا پر ان کی شادی نہ ہوسکی اور گزشتہ ہفتے اچانک خبریں آنا شروع ہوئیں کہ دونوں 24 جنوری 2021 کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، لیکن دونوں نے ایسی خبروں پر کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

تاہم 24 جنوری کو شادی کے بندھن میں بندھ جانے کے چند گھنٹوں بعد ورون دھون نے شادی کی تصاویر شیئر کرکے نئی زندگی کے آغاز کی تصدیق کی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024