• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ میں میزبان پاکستان کا جیت کے ساتھ آغاز

شائع January 24, 2021
کووڈ-19 کے باعث چمپیئن شپ کا انعقاد آن لائن ہو رہا ہے—فوٹو: ورلڈ یوتھ اسکریبل چمپیئن شپ
کووڈ-19 کے باعث چمپیئن شپ کا انعقاد آن لائن ہو رہا ہے—فوٹو: ورلڈ یوتھ اسکریبل چمپیئن شپ

ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ کے اعصاب شکن مقابلے دوسرے روز بھی جاری رہے جہاں پاکستان نے اپنے سفر کا آغاز فتح کے ساتھ کرکے پہلا مرحلہ بھی مکمل کرلیا۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی دنیا کی پہلی آن لائن ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کا آغاز گزشتہ روز مقامی دواساز ادارے فارم ایوو گیسٹ ہاؤس میں ہوا جہاں پر آن لائن اسکریبل چیمپئن شپ کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ انتظامات کیے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سابق چمپیئن ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپانسر سے منعقد ہونے والےایونٹ کو گلیڈی ایٹرز ویسپا یوتھ کپ کا نام دیا گیا ہے۔

چمپیئن شپ کے پہلے روز گروپ بی میں بھارت نے انڈونیشیا کو 29-7 کے اسکور سے زیر کیا، دوسرے میچ میں سری لنکا نے نیپال کی ناتجربہ کار ٹیم کو 30-6 سے شکست دے دی۔

پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز کے مطابق 24 جنوری کو مجموعی طور پر 12 مقابلے ہوئے جس میں پاکستان کے سید عماد علی اور ہشام ہادی نے رومانیہ اور فلپائن کے کھلاڑیوں کو شکست سے دوچار کیا۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور اگر پاکستانی کھلاڑی اگلے میچ میں ہانگ کانگ کو بھی شکست دے دیتے ہیں تو اپنے گروپ میں پاکستان کی پہلی پوزیشن ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سب سے دلچسپ مقابلہ سنگاپور اور برطانوی ٹیموں کے درمیان ہوا اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 18- 18 سے برابر رہا جبکہ ایک اور میچ میں ملائیشیا کی ٹیم نے امریکی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے دی۔

منتظمین کے مطابق 25 جنوری کو 10 مقابلے ہوں گے اور چمپیئن شپ کا پہلا راؤنڈ بھی مکمل ہو جائے گا جس کے بعد کوارٹر فائنل کے لیے ٹیموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

چمپیئن شپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں سابق ورلڈ یوتھ چیمپئین اور قومی چیمپئن سید عماد علی، سابق نیشنل چمپئین حشام ہادی خان، علی واصف، محمد عثمان شوکت، علی سلمان، مونس حسین خان شامل ہیں جبکہ صائم وقار اور شان عباس کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں منعقد د ہونے والے گلیڈی ایٹرز ویسپا یوتھ چمپیئن شپ میں دنیا کے پانچ براعظموں کے 16 ممالک سے 96 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ چمپیئن شپ تین مرحلوں میں مکمل ہوگی، پہلا مرحلہ 22 سے 24 جنوری، دوسرا 30 سے 31 جنوری جبکہ تیسرا اورآخری مرحلہ 6 سے 7 فروری تک ہوگا۔

اسکریبل کی عالمی تنظیم ویسپا نے اس مرتبہ میزبانی کے لیے پاکستان کا انتخاب کیا اورکووڈ-19 سے پیدا شدہ حالات کے باعث اس کا انعقاد آن لائن ہورہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024