بختاور بھٹو کی شادی کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی، ترجمان بلاول ہاؤس
پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بلاول ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ شادی کی مرکزی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔
چند دن پہلے یہ خبریں آنا شروع ہوئی تھیں کہ بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات رواں ماہ 27 جنوری کو شروع ہوں گی۔
بختاور بھٹو زرداری نے گزشتہ برس 27 نومبر کو پاکستانی نژاد دبئی کے صنعت کار محمود چوہدری سے کراچی میں منگنی کی تھی۔
ان کی منگنی کے فوری بعد ہی ان کی شادی کے کارڈز بھی سامنے آئے تھے، جن میں شادی کی تاریخ 27 جنوری تا 29 جنوری 2021 درج تھی، سامنے آنے والے کارڈز کے مطابق بختاور بھٹو کے ولیمے کی تقریب 30 جنوری کو منعقد ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بختاور بھٹو کی شادی رواں ماہ کے اختتام تک ہونے کی خبریں
خبریں تھیں کہ مرکزی تقریب میں ایک ہزار تک افراد شرکت کریں گے، تاہم اب بلاول ہاؤس کے ترجمان نے اس حوالے سے وضاحت جاری کردی۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے شادی کی تقریب میں ایک ہزار مہمانوں کی شرکت کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے تصدیق کی کہ تقریب میں محض 300 افراد شرکت کریں گے۔
سریندر ولاسائی کے مطابق شادی کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی، جس میں بمشکل 300 شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔
ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق میڈیا نے تقریب میں ایک ہزار مہمانوں کی شرکت کی خبر تصدیق کے بغیر چلائی جب کہ تقریب میں 300 سے بھی کم مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ہوگئی
سریندر ولاسائی نے بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی دیگر تقریبات سے متعلق وضاحت کرنے سے گریز کرتے ہوئے تصدیق کی کہ شادی کی تقریب 30 جنوری کو منعقد ہوگی۔
یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ تقریب 30 جنوری کو ہوگی جب کہ دیگر تقریبات کا آغاز 27 جنوری کو ہوگا اور 29 جنوری کو بختاور کا نکاح ہوگا۔
ادھر زرداری و بھٹو خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق بختاور کی شادی ان کی پیدائش والے دن میں رکھی گئی ہے، ان کی پیدائش 27 جنوری 1990 کو ہوئی تھی۔
بختار بھٹو زرداری سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی ہیں، تاہم وہ اپنے بھائی بلاول بھٹو سے کم عمر ہیں۔
بختاور بھٹو زرداری کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ایسے وقت میں پیدا ہوئیں جب کہ ان کی والدہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان تھیں۔
یوں بختاور بھٹو زرداری حاضر سروس وزیر اعظم کے ہاں پیدا ہونے والی دنیا کی پہلی بچی کا اعزاز بھی رکھتی ہیں، ان کی پیدائش پر اس وقت بینظیر بھٹو نے وزارت عظمیٰ سے چھٹیاں لی تھیں۔
تبصرے (1) بند ہیں