• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ویکسین رجسٹریشن کیلئے مزید 2 کمپنیوں کا ڈریپ سے رابطہ

شائع January 22, 2021
برطانوی کمپنی آکسفورڈ-آسٹرازینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم کی ویکسین ڈریپ کے پاس رجسٹرڈ ہیں —فائل فوٹو: اے ایف پی
برطانوی کمپنی آکسفورڈ-آسٹرازینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم کی ویکسین ڈریپ کے پاس رجسٹرڈ ہیں —فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: ایسے میں جب 3 دوا ساز کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں ویکسینشن کے ٹرائل کے لیے اپنی جگہ بنا چکی ہیں، 2 مزید کمپنیوں نے کووِڈ 19 ویکسین کے تیسرے مرحلے کے کلینکل ٹرائل اور رجسٹریشن کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) سے رابطہ کیا ہے۔

وزارت قومی صحت کے ایک عہدیدارار نے کہا کہ روس کی سرکاری کمپنی اسپٹنک-5 نے اپنی ویکسین کے پاکستان میں ہنگامی استعمال کی اجازت لینے کے لیے درخواست جمع کروائی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عہدیدار نے مزید بتایا کہ 'یہ 2 خوراکوں پر مشتمل ویکسین ہے اور سرنج کے ذریعے لگائی جائے گی'۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ایسٹرازینیکا کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری

عہدیدار کے مطابق 'اس کے علاوہ چینی کمپنی انہوئی زیفی لونگ کوم بائیوفارماسوٹیکل کمپنی لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنی ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے لیے اجازت طلب کی ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ویکسین چینی اکیڈمی آف سائنسز کے تحت مذکورہ کمپنی اور انسٹیٹیوٹ آف مائیکرو بائیولوجی نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔

قبل ازیں 3 کمپنیوں نے پاکستان میں دلچسپی دکھائی تھی جن میں سے برطانوی کمپنی آکسفورڈ-آسٹرازینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم کی ویکسین ڈریپ کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ایک اور کووڈ-19 ویکسین کی منظوری

ان کے علاوہ کین سائنو کے بائیولوجکس کے نام سے تیسری کمپنی بھی چینی ہے جو پاکستان میں اپنی ویکسین کا تیسرے مرحلے کا کلینکل ٹرائل کررہی ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ آکسفورڈ-آسٹرازینیکا کی ویکسین انٹرنیشنل الائنس کوویکس اور نجی ذرائع سے موصول ہوگی جبکہ پاکستان نے سائنو فارم کی ویکسین کی بھی 11 لاکھ خوراکیں پہلے سے بک کروالی تھیں۔

دوسری جانب آکسفورڈ آسٹرازینیکا ویکسین ڈریپ میں رجسٹرڈ کرنے والے سندھ میڈیکل اسٹور کے ایک نمائندے عثمان غنی نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مقامی افراد کو ترجیح دینے کے سبب مینوفیکچررز نے ویکسین کی فراہمی کی کوئی ٹائم لائن نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ ہفتوں میں مزید کووڈ-19 ویکسینز رجسٹرڈ ہوں گی، حکام

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 891 ہے جس میں سے 11 ہزار 204 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ 4 لاکھ 82 ہزار 771 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

جمعے کے روز ملک میں مزید ایک ہزار 745 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے، 47 افراد کا انتقال ہوا اور مزید 2 ہزار 75 مریض شفا پانے میں کامیاب رہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024