آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی پر بریفنگ
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے قومی سلامتی کے لیے آئی ایس آئی کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم سے آرمی چیف، سربراہ آئی ایس آئی کی ملاقات
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے انٹر سروسز انٹیلی جنس کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو علاقائی اور قومی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی پر بریفنگ
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر عسکری قیادت کے ہمراہ آئی ایس آئی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا، جہاں انہیں قومی و علاقائی سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق وزیراعظم اور دیگر شرکا کو سیکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں دسمبر میں سول اور عسکری قیادت نے عوام کے تعاون کے ساتھ ملک کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں و تبادلے، 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی تھی۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ملاقات کے دوران پاک فوج کے پیشہ ورانہ معاملات، بیرونی اور اندرونی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔