جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کے سربراہ مقرر
وزیر اعظم عمران خان نے جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کو براڈشیٹ انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ 'براڈ شیٹ معاملے کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید ہوں گے'۔
ادھر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی اس حوالے سے ٹوئٹ کی اور کہا کہ 'کمیٹی کے باقی اراکین کا تقرر جسٹس ریٹائرڈ شیخ عظمت سعید کی مشاورت سے کیا جائے گا'۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی کابینہ نے براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات اور اس سے ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے تعین کے لیے 5 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ نے براڈ شیٹ معاملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری اور وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ 'کمیٹی ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے ایک سابق جج، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، اٹارنی جنرل کے دفتر سے ایک سینئر افسر، ایک سینئر وکیل اور وزیر اعظم کے نامزد کردہ افسر پر مشتمل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) تیار کر لیے گئے ہیں جس کے تحت وہ 45 دن کے اندر اپنی تحقیقات مکمل کرے گی۔
شبلی فراز نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں قومی خزانہ لوٹنے والے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: براڈ شیٹ معاملے میں کی گئی ادائیگی، ماضی کی ڈیلز کی قیمت ہے، شہزاد اکبر
انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ کیس ایسے حقائق پر مبنی ہے جس کے ذریعے سابق حکمرانوں کی بدعنوانی کو سامنے لایا گیا ہے۔