نوکیا اس سال کا 'سستا ترین' اسمارٹ فون پیش کرنے کے لیے تیار
ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے رواں سال کا سستا ترین نوکیا 1.4 جلد متعارف کرایا جائے گا۔
یہ گزشتہ سال کے نوکیا 1.3 کی جگہ لے گا، جس میں انٹری لیول فیچرز ہوں گے جبکہ قیمت 100 یورو سے کم ہوگی۔
یہ نیا فون کواڈ کور پراسیسر سے لیس ہوگا جو 1.3 گیگاہرٹز کے اتھ ہوگا۔
زیادہ امکان یہ ہے کہ اس فون میں کوالکوم کیو ایم 215 پراسیر ہوسکتا ہے مگر یقین سے کہنا مشکل ہے۔
اس سے ہٹ کر بھی گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں اس بار نمایاں اپ ڈیٹس کی جائیں گی۔
نوکیا 1.3 میں بیک پر سنگل کیمرا دیا گیا تھا مگر نئے ماڈل میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ کی موجودگی کا امکان ہے۔
اسی طرح بیٹری بھی زیادہ طاقتور ہوگی جو 4000 ایم اے ایچ کی ہوسکتی ہے۔
ڈسپلے بھی پہلے سے بڑا ہوگا اور نوکیا 1.4 میں 6.51 انچ کی ایل سی ڈی اسکرین دیئے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ایک جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج ہوگی جس میں ایسس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون کے بیک پر 8 میگا پکسل اور میگاپکسل کیمرے ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ ہوں گے جبکہ فرنٹ پر 5 میگا پکسل کیمرا ہوسکتا ہے۔
اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم والے اس فون میں 4 جی ایل ٹی ای، وائی فائی 2.4 اور بلیوٹوتھ 4.2 سپورٹ موجود ہوسکتی ہے۔
یہ ڈوئل سم سلاٹ کے ساتھ ہوگا مگر ایک سم 4 جی جبکہ دوسری 2 جی سپورٹ فراہم کرسکے گی۔
حیران کن طور پر اس انٹری لیول فون میں فنگرپرنٹ اسکینر بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ سال نوکیا مارچ میں پیش کیا گیا تھا تو امکان ہے کہ یہ ماڈل بھی اسی سہ ماہی میں کسی وقت سامنے آسکتا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اس کی قیمت 100 یورو سے کم ہوسکتی ہے یعنی 15 سے 20 ہزار پاکستانی روپے کے درمیان۔