• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

وزیراعظم کو ویکسین کی خریداری کیلئے مزید کمپنیوں سے رابطوں پر بریفنگ

شائع January 20, 2021
وزیراعظم کو ویکسین کی خریداری سے متعلق برینگ کابینہ کمیٹی نے دی—تصویر: فیس بک
وزیراعظم کو ویکسین کی خریداری سے متعلق برینگ کابینہ کمیٹی نے دی—تصویر: فیس بک

اسلام آباد: کابینہ کمیٹی برائے کووِڈ 19 ویکسین خریداری نے وزیراعظم عمران خان کو ویکسین کی خریداری کے لیے مزید دوا ساز کمپنیوں سے رابطوں پر بریفنگ دی۔

دوسری جانب انسانی حقوق کمیشن پاکستان (ایچ آر سی پی) نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومتوں اور نجی شعبے کو ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں ہنگامی استعمال کے لیے 2 ویکسینز کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے اور مزید ویکسینز کو رجسٹرڈ کرنے کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ایک اور کووڈ-19 ویکسین کی منظوری

دوسری جانب ایچ آر سی پی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومتوں اور نجی شعبے کو کووِڈ 19 کی ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ درست اقدام نہیں۔

کمیشن کا کہنا تھا کہ غریب عوام جو ملک کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ ہیں انہیں انتہائی سستے نرخوں پر ویکسین فراہم کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انسانی حقوق کمیشن نے کہا کہ کم آمدن والے طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد وفاقی حکومت کی غلط ترجیحات اور امیر نواز پالیسی سے پیدا ہونے والے مثالی معاشی بحران میں زندگی گزارنے کے لیے سخت جدو جہد کررہے ہیں۔

کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ عالمی وبا سے نبرد آزما ہونے کے لیے مختص کردہ فنڈز اور موصول ہونے والی غیر ملکی فنڈنگ کو شفاف طریقے اور شہریوں کو ویکسِنیٹ کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ایسٹرازینیکا کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری

ایچ آر سی پی نے الیکڑانک اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ان رپورٹس پر تحفظات کا اظہار کیا جن میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں کچھ ایجنٹس نے 2 لاکھ روپے فی ڈوز پر ایسٹرازینکا ویکسین کی پیشگی بکنگ شروع کردی ہے۔

اس ضمن میں ڈان نے جب عثمان نامی شخص سے رابطہ کیا، جس کا رابطہ نمبر مختلف صحتی حلقوں میں ویکسین کی پیشگی بکنگ کے ذمہ دار شخص کے طور پر موجود ہے، تو اس نے پوچھا کہ کیا کہ ویکسین کی واحد ڈوز چاہیے یا پورے اہل خانہ کے لیے ویکسین کی ضرورت ہے۔

بعدازاں جب عثمان کو یہ معلوم ہوا کہ کال کرنے والے کا تعلق اسلام آباد سے ہے تو اس کا کہنا تھا کہ ویکسین اس وقت دستیاب ہوگی جب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) اس کی قیمت مقرر کردے گی۔

عثمان نامی شخص نے یہ بھی کہا کہ ویکسین پہنچنے میں مزید چند ماہ لگ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سب سے زیادہ افادیت والی کورونا ویکسین حاصل کرنے کی خواہاں

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 772 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے، 48 انتقال کر گئے جبکہ 2 ہزار 46 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔

اس طرح پاکستان میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 783 تک پہنچ گئی ہے جن میں اب تک 11 ہزار 103 انتقال کر گئے اور 4 لاکھ 78 ہزار 517 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024