• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ورون دھون آئندہ ہفتے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے؟

شائع January 19, 2021
دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات ہیں — فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات ہیں — فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ایکشن ہیرو ورون دھون کی شادی کی افواہیں تو 2018 سے جاری ہیں اور ہر بار یہی خبریں سامنے آتی ہیں کہ وہ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

تاہم اب تازہ خبروں کے مطابق انہوں نے حتمی طور پر آئندہ ہفتے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی خبر سمیت دیگر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ورون دھون اور نتاشا دلال آئندہ ہفتے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

رپورٹ میں بتایا کہ دونوں کے اہل خانہ گزشتہ کئی دن سے شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اب ان کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں کی شادی ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی کے ساحلی علاقے علی باغ میں پرتعیش مقام پر ہوگی۔

نتاشا دلال اور ورون دھون کو گزشتہ چند سال میں میڈیا کے سامنے بھی ایک ساتھ دیکھا جا رہا ہے—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی
نتاشا دلال اور ورون دھون کو گزشتہ چند سال میں میڈیا کے سامنے بھی ایک ساتھ دیکھا جا رہا ہے—فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی

ذرائع نے بتایا کہ دونوں کی شادی کی رسومات خالصتاً ہندو رسومات کے تحت ہوگی اور ممکنہ طور پر ان کی شادی کی تقریبات 3 دن بعد 22 جنوری کو شروع ہوجائیں گی۔

دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ دونوں کے اہل خانہ نے شادی کی تیاریاں مکمل کرلیں اور آئندہ ہفتے دونوں کم مہمانوں کے ساتھ دھوم دھام سے شادی کریں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں کی شادی ساحل سمندر کے پرتعیش مقام پر ہوگی، جس میں شاہ رخ، سلمان خان اور کرن جوہر سمیت بولی وڈ کی اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ یہ چہ مگوئیاں بھی ہیں کہ ممکنہ طور پر دونوں کی شادی کی تقریب ایک ہی دن تک محدود ہوگی تاہم ورون دھون کے قریبی ذرائع کے مطابق شادی کی تقریبات 5 دن تک جاری رہیں گی۔

قریبی ذرائع نے بتایا کہ شادی کی تقریبات 22 جنوری سے شروع ہوں گی جو 26 جنوری تک جاری رہیں گی اور ممکنہ طور پر شادی کی مرکزی تقریب 24 جنوری کو ہوگی۔

نتاشا دلال کو ورون دھون کے والدین کے ساتھ بھی دیکھا جاتا رہا ہے—فوٹو: وائرل بھیانی انسٹاگرام
نتاشا دلال کو ورون دھون کے والدین کے ساتھ بھی دیکھا جاتا رہا ہے—فوٹو: وائرل بھیانی انسٹاگرام

خیال رہے کہ نتاشا دلال اور ورن دھون کلاس فیلوز بھی رہے ہیں اور گزشتہ چند سال سے انہیں متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔

دونوں میڈیا کے سامنے بھی ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کر چکے ہیں اور دونوں نے مختلف پروگرامات میں جلد شادی کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: میں بھی شادی کرنے جارہا ہوں، ورن دھون

اگرچہ دونوں کو 2015 کے بعد میڈیا کے سامنے ملتے ہوئے دیکھا گیا تاہم 2018 میں ان کی شادی کی چہ مگوئیاں ہونے لگیں اور ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا تھا کہ 2019 سے قبل دونوں شادی کرلیں گے۔

تاہم ان کی شادی تاحال نہ ہوسکی اور دونوں کی شادی کے حوالے سے ہر تیسرے مہینے چہ مگوئیاں شروع ہوجاتی ہیں کہ جلد ہی وہ شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔

مئی 2020 میں بھی خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے تاہم گزشتہ سال کورونا کی وجہ سے ان کی شادی نہ ہو پائی اور اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ وہ آئندہ ہفتے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

ورون اور نتاشا بھی وقتا بوقتا شادی پر بات کرتے آئے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
ورون اور نتاشا بھی وقتا بوقتا شادی پر بات کرتے آئے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024