• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

شائع January 18, 2021
سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے نارگوسا میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

بیان کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد عثمان علی اور وحید لشتئی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اور کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سجنا گروپ کے سرگرم اراکین اور آئی ای ڈی ماہر، دہشت گردوں کے ٹرینر، موٹی ویٹر تھے اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید

شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ دہشت گرد عثمان 14 اکتوبر 2020 کو سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے میں بھی ملوث تھا، جس کے نتیجے میں کیپٹن عمر چیما، 2 جونیئر کمیشنڈ آفیسرز اور 3 جوان شہید جبکہ 4 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ وزیرستان خاص طور پر اس کے شمالی حصے میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، جس میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے، تاہم اس دوران کئی جوانوں نے مملکت خداداد کی خاطر جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا ہے۔

رواں ماہ ہی 15 جنوری کو میرعلی سب ڈویژن کے علاقے عزیز خیل میں چیک پوسٹ کے قریب سیکیورٹی اہلکار پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں لانس نائیک عباد علی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

14 جنوری کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر 2 خفیہ آپریشنز کیے تھے جن میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے جبکہ ہلاک دہشت گردوں میں دیسی ساختہ بارودی سرنگیں بنانے والا ماہر بھی شامل تھا۔

اس واقعے سے دو روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے اسپِن وام میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

قبل ازیں گزشتہ پیر کی رات کو بھی اسی علاقے میں دہشت گردوں نے ایک اور سیکیورٹی پوسٹ پر بھی حملہ کیا تھا جس میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں 24 دسمبر 2020 کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا تھا جبکہ 2 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024