• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک بھر میں تقریباً 2 ماہ بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے

شائع January 18, 2021
تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال ہوگئیں—تصویر: سراج الدین
تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال ہوگئیں—تصویر: سراج الدین

ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے دوسری مرتبہ بند ہونے والے تعلیمی ادارے تقریباً 2 ماہ بعد دوبارہ کھل گئے۔

آج ملک بھر میں پہلے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولے گئے ہیں، جس میں نویں سے بارہویں، او اور اے لیول کے طلبہ کو اداروں میں آنے کی اجازت ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا تھا کہ ملک بھر میں تعلیمی ادارے 3 مراحل میں دوبارہ کھولے جائیں گے، جس میں پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں جماعت کے لیے 18 جنوری سے تعلیمی سرگرمیاں اداروں میں بحال ہوں گی۔

جس کے بعد یکم فروری سے پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کے لیے تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے جبکہ یکم فروری سے ہی جامعات اور دیگر اعلیٰ تعلیم کے ادارے بھی کھل جائیں گے۔

مزید پڑھیں: حکومت کا پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلبہ کیلئے یکم فروری سے اسکول کھولنے کا فیصلہ

آج کھلنے والے تعلیمی اداروں میں طلبہ و اساتذہ کو عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

تعلیمی اداروں کے پہلے مرحلے میں دوبارہ کھولے جانے سے قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ایک ٹوئٹ بھی کی۔

وزیر تعلیم نے گزشتہ شب کی گئی اپنی ٹوئٹ میں شفقت محمود نے لکھا کہ ’کل سے 9 سے 12 ویں جماعت، او اور اے لیول کے طلبہ اسکول/ کالجزجائیں گے، انہیں نیک تمنائیں، ان کا مستقبل ہماری اولین ترجیح ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر 26 نومبر 2020 سے تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا تھا، تاہم اس دوران موسم سرما کی چھٹیوں کے سوا آن لائن تعلیمی سلسلہ جاری رہا تھا۔

یاد رہے کہ یہ دوسری مرتبہ تھا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی اداروں کو بند کرنا پڑا تھا، اس سے قبل اس طرح کا فیصلہ گزشتہ برس وبا کے آغاز کے بعد سے کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں تعلیمی ادارے 6 ماہ بعد دوبارہ کھل گئے

گزشتہ برس 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند کیے گئے تھے جبکہ سندھ میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے ہی تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے، جنہیں بعد ازاں 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولا گیا تھا۔

تاہم ستمبر میں تعلیمی اداروں کے کھلنے کے 2 ماہ بعد ہی انہیں وائرس کی دوسری لہر کے پھیلاؤ کے باعث 26 نومبر سے دوبارہ بند کرنا پڑ گیا تھا۔

خیال رہے کہ ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 21 ہزار 211 ہے جبکہ اموات 10 ہزار 997 تک پہنچ چکی ہیں، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ ان مجموعی کیسز میں سے 91.2 فیصد یعنی 4 لاکھ 75 ہزار 228 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024