بچوں کے مقبول رسالے 'ماہنامہ ساتھی' نے موبائل ایپ کا اجرا کردیا
بچوں کے مقبول ترین رسالے 'ماہنامہ ساتھی' نے بچوں میں مطالعے کے شوق اور اردو زبان سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے اپنی موبائل ایپلی کیشن کا اجرا کردیا۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق ماہنامہ ساتھی کی اس ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ اردو ادب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاص طور پر بچوں کے مطالعے کو مدنظر رکھتے ہوئے ایپ کا اجرا کیا گیا ہے۔
'ماہنامہ ساتھی' کی ایپ میں مزیدار کہانیاں، معلوماتی مضامین، نظمیں، لطائف سمیت دیگر تحریریں بھی شامل ہیں۔
اس ایپ کا اجرا گزشتہ روز 16 جنوری کو کراچی میں کہا گیا تھا جس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رسالے کے مدیر عبدالرحمٰن مومن نے کہا تھا کہ بچوں میں مطالعے کا شوق جاری رکھنے کے لیے اسمارٹ موبائل ایپ کو تیار کیا گیا ہے اور آئی ٹی کے شعبے نے اسے قارئین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں ادب کے ترویج و اشاعت میں حکومتی اداروں کا کوئی قابلِ ذکر کردار نہیں۔
عبدالرحمٰن مومن نے کہا تھا کہ لکھاریوں کی اپنے محنت و جنون ہی ادب کے فروغ کی وجہ بنی ہے۔
'ماہنامہ ساتھی' کی ایپ کے اجرا کے موقع پر نگرانِ اعلیٰ اسلامک ایسوسی ایشن آف چلڈرن ہابیز جناب حمزہ علی صدیقی، نگراں بزمِ ساتھی کراچی جناب عمر احمد خان، منتظمِ اعلی انیق احمد تابش کے علاوہ ماہنامہ ساتھی کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ بچوں کے ادب میں اہم کردار ادا کرنا والا 'ماہنامہ ساتھی' نومبر 1977 سے شائع ہورہا ہے۔