• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ماہرہ خان کا رواں برس ڈراما انڈسٹری میں واپسی کا اعلان

شائع January 17, 2021
اداکارہ کو 'ہمسفر' ڈرامے سے مقبولیت ملی تھی— فوٹو: اسکرین شاٹ
اداکارہ کو 'ہمسفر' ڈرامے سے مقبولیت ملی تھی— فوٹو: اسکرین شاٹ

سابق وی جے، ٹی وی میزبان اور پاکستان کی سپراسٹار کہلانے والی اداکارہ ماہرہ خان نے اعلان کیا ہے وہ رواں برس چھوٹی اسکرین پر واپس آئیں گی۔

نجی چینل ہم ٹی وی کے 16 برس مکمل ہونے کی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے ماہرہ خان نے ڈراموں میں واپسی کا بتایا۔

انہوں نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باعث قرنطینہ میں گزارے وقت کا احوال سناتے ہوئے کہ 'میری علامات بہت زیادہ تھیں اور بہت مشکل وقت تھا، الحمداللہ اب میں ٹھیک ہوں'۔

مزید پڑھیں: ماہرہ خان فلم انڈسٹری کی ’سپر اسٹار‘

قرنطینہ میں وقت گزارنے سے متعلق ماہرہ خان نے بتایا کہ انہوں نے اس دوران اسکرپٹس پڑھے اور ان میں سے ایک اسکرپٹ ایم ڈی (مومنہ درید) پروڈکشن کی تھی۔

ماہرہ خان نے کہا کہ 'انشااللہ رواں برس سال 2021 میں ڈراموں میں واپس آؤں گی'۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ اس سال ستمبر میں ان کے سپر ہٹ ڈرامے 'ہمسفر' کو 10 برس ہوجائیں گے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تاہم ماہرہ خان نے اپنے ڈرامے کی کہانی اور کردار سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی نہ ہی یہ بتایا کہ ان کا متوقع ڈراما کب سے آئے گا۔

لیکن ان کی بات سے لگا کہ ماہرہ خان ممکنہ طور پر نجی چینل ہم ٹی وی کا ڈراما کرنے جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ ماہرہ خان نے ڈراما انڈسٹری میں واپسی کا عندیہ دیا ہو، انہوں نے گزشتہ برس بھی کہا تھا کہ وہ ڈراموں میں واپس آئیں گی۔

سال 2020 میں سون نامی ٹوئٹر ہینڈل نے ماہرہ خان سے پوچھا تھا کہ آپ ہمیشہ کہتی ہیں کہ آپ ڈراموں میں کام کریں گی، کیا اس مرتبہ حقیقت میں آپ ڈراموں میں واپسی کریں گی یا یہ بھی ایک مذاق تھا۔

جس کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا تھا کہ اس مرتبہ میں وعدہ کرتی ہوں کہ اپنی فلم مکمل کرنے کے فوراً بعد ڈراموں میں واپس آؤں گی۔

یہ بھی پڑھیں: فلم 'بن روئے' کی عید پر ریلیز کا اعلان

خیال رہے کہ ماہرہ خان نے مختلف پاکستانی ڈراموں میں اداکاری سے مقبولیت پائی اور وہ اب پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک سپراسٹار کے طور پر جانی جاتی ہیں۔

ماہرہ خان یوں تو 2006 سے ٹی وی شوز کی میزبانی کررہی تھی اور ان کا پہلا ڈراما 'نیت' تھا جو 2011 میں نشر ہوا تھا۔

لیکن انہیں 'ہمسفر' ڈرامے سے مقبولیت ملی جو اسی سال 2011 میں نشر ہوا تھا اس میں ان کی اور فواد خان کی جوڑی بہت زیادہ پسند کی گئی تھی۔

—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

انہوں نے 'شہرِ ذات' اور 'صدقے تمہارے' میں بھی اداکاری کی اور دونوں ہی ڈرامے بہت زیادہ مقبول ہوئے تھے۔

ماہرہ خان نے 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم 'بول' میں بھی اداکاری کی تھی اور انہوں نے 'بن روئے'، 'منٹو'، 'ہو من جہاں'، 'ورنہ'، '7 دن محبت ان'، 'پرے ہٹ لو'، 'سپر اسٹار' میں جلوہ گر ہوئی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اس کے علاوہ انہوں نے بولی وڈ میں فلم 'رئیس' سے ڈیبیو کیا تھا جس میں وہ شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آئی تھیں، یہ فلم 2017 میں ریلیز ہوئی تھی۔

ان کی فلم 'لیجنڈ آف مولا جٹ' کو 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا جبکہ گزشتہ برس دسمبر میں ان کی آنے والی فلم 'نیلوفر' کی شوٹنگ مکمل ہوئی تھی۔

ماہرہ خان فلم 'نیلوفر' میں اداکار فواد خان کے ساتھ نظر آئیں گئی جو اداکارہ کے مطابق جلد ہی ریلیز ہوگی۔

خیال رہے کہ 2014 میں 'صدقے تمہارے' کے بعد سے ماہرہ خان نے کسی ڈرامے میں باقاعدہ اداکاری نہیں کی جبکہ ان فلم 'بن روئے' کو 2016 اور 'میں منٹو' کو 2017 میں ڈرامائی شکل دی گئی تھی۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024