• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں ایسٹرازینیکا کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری

شائع January 16, 2021 اپ ڈیٹ January 17, 2021
پاکستان میں یہ کورونا وائرس کی پہلی ویکسین ہے جس کی منظوری دی گئی ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی
پاکستان میں یہ کورونا وائرس کی پہلی ویکسین ہے جس کی منظوری دی گئی ہے — فائل فوٹو / اے ایف پی

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے آکسفورڈ یونیورسٹی ۔ ایسٹرازینیکا کی کورونا ویکسین کی ہنگامی صورتحال میں پاکستان میں استعمال کی منظوری دے دی۔

پاکستان میں یہ کورونا وائرس کی پہلی ویکسین ہے جس کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کو بتایا کہ 'ڈریپ نے ایسٹرازینیکا کی ویکسین کی ہنگامی صورتحال میں استعمال کی اجازت دے دی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلے ہی چین کی سینوفارم کی ویکسین کی 10 لاکھ سے زائد خوراکوں کی بُکنگ کروالی ہے، تاہم اس ویکسین کی ڈریپ سے منظوری ابھی باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم ابھی دوطرفہ خریداری کے معاہدوں اور کوویکس سہولت دونوں کے ذریعے مغربی اور دیگر ممالک کی ویکسینز کے حصول کے عمل سے گزر رہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت سب سے زیادہ افادیت والی کورونا ویکسین حاصل کرنے کی خواہاں

پاکستان متعدد کورونا ویکسین تیار کرنے والوں سے بات چیت کر رہا ہے اور ڈاکٹر سلطان نے کہا کہ پاکستان کو چین کی کانسینوبائیو کے ساتھ معاہدے کے تحت متعدد ویکسینز کی کروڑوں خوراک مل سکتی ہیں۔

پاکستان میں ویکسین کمپنی کی 'اے ڈی 5۔این کوو' ویکسین کے تیسرے مرحلے کے کلینیکل ٹرائلز مکمل ہونے کے قریب ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ 'ویکسین کی افادیت اہم عنصر ہے، ہم متعدد ویکسینز کی افادیت کے حوالے سے سامنے آنے والے واقعات کو دیکھ رہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'کینسینو ویکسین کے ابتدائی نتائج فروری کے وسط تک سامنے آنے کا امکان ہے جبکہ پاکستان، روس کی اسپوتنک فائیو ویکسین کے متعلق بھی بات کرنے پر غور کر رہا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارا مقصد ہے کہ آبادی کے بڑے حصے کو مفت ویکسین فراہم کی جاسکے، جبکہ نجی شعبوں کو ویکسین کی درآمد کی اجازت اس وقت دی جائے گی جب مجاز کمپنی کے پاس ویکسین کی سپلائی موجود ہو'۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں کئی ویکسینز کے لیے کولڈ چین کی وافر سہولت موجود ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت کووڈ 19 ویکسین کے جلد حصول کیلئے پُرامید

'حکومت زیادہ افادیت والی ویکسین چاہتی ہے'

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر فیصل سلطان نے ڈان کو بتایا تھا کہ حکومت رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی تک انسداد کورونا ویکسین حاصل کرنے کے لیے پُرامید ہے لیکن یہ سب سے زیادہ افادیت کی دوا کا حصول یقینی بنانے کے لیے ’استعمال سے پہلے دیکھو‘ کی حکمت عملی اپنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کووڈ 19 ویکیسن کی کچھ بین الاقوامی کمپنیوں سے قریبی رابطے میں تھی اور ہم ’اس کمپنی سے اس کو حاصل کریں گے جو اسے جلد تیار کرے گی‘۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکین کی خریداری میں حکومت کی جانب سے تاخیر کیے جانے کے تاثر کو مسترد کیا اور کہا کہ یہ کچھ دنوں کا معاملہ ہے ویکسین خریدنے کے احکامات دیے جائیں گے۔

معاون خصوصی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگرچہ ملک کی آبادی 20 کروڑ ہے جس میں سے 10 کروڑ 18 سال سے کم عمر ہیں لہٰذا انہیں ویکسین نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی تمام آبادی کو کووڈ ویکسین فراہم کرنے والا دنیا کا پہلا ملک

انہوں نے کہا کہ ’چونکہ کسی بھی ملک میں 100 فیصد آبادی کو ویکسین نہیں دی جاسکتی، لہٰذا ہمارا ہدف 70 فیصد ویکسین کے قابل آبادی کا ہے جو 7 کروڑ ہے‘۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق پہلے مرحلے میں لوگوں کی 2 قسم کو ویکسین لگائی جائے گی جس میں پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہیں جبکہ دوسرے وہ جن کی عمریں 65 سال سے زائد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہاں 60 سے 65 سال کی عمر کے 7 لاکھ افراد ہیں جنہیں دوسرے مرحلے میں باقی رہ جانے والے ہیلتھ کیئر پروفیشنل کے ساتھ ویکسین دی جائے گی‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024