• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

اسد منیر کی خودکشی کی وجہ نیب تھا، سلیم مانڈوی والا

شائع January 16, 2021
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں - فوٹو:ڈان نیوز

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے سابق رکن بریگیڈیئر (ر) اسد منیر کی خودکشی کی وجہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ٹھہرادیا۔

اسلام آباد میں پمز ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ سال اپنے گھر سے مردہ حالت میں پائے جانے والے بریگیڈیئر (ر) اسد منیر کی مبینہ خودکشی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'دلچسپ بات جو مجھے معلوم ہوئی وہ یہ تھی کہ اسد منیر کی پہلی خودکشی کی کوشش میں ان کی اہلیہ نے انہیں بچالیا تھا تاہم دوسری کوشش میں وہ جانبر نہ رہ سکے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'لوگوں کو ذلیل کرنا، ان کی پگڑیاں اچھالنا کہ وہ اس معاشرے کا حصہ نہ رہ سکیں، میں نہیں سمجھتا کہ یہ کام ایک ادارہ کرسکتا ہے، کوئی انفرادی طور پر تو کرسکتا ہے مگر کوئی ادارہ کسی کو اس حد تک نہیں پہنچاسکتا کہ وہ خودکشی کرے'۔

مزید پڑھیں: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا نیب سے متعلق حقائق ایوان بالا میں پیش کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ 'میں نے اسد منیر کی اہلیہ اور صاحبزادی سے تفصیلی بات کی ہے اور ہم اس مسئلے کو انسانی حقوق کے کمیشن میں لے کر جائیں گے'۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ 'چیف جسٹس کو دوبارہ خط لکھیں گے کہ جو خط اسد منیر صاحب نے لکھا تھا اس پر کیوں کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور اس مسئلے کو سینیٹ میں بھی اٹھائیں گے کہ اسد منیر کے حق میں ایک قرارداد منظور کی جائے کیونکہ جو کچھ ہوا اس کی وجہ نیب تھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نیب کا سسٹم ایک شخص کو اتنا ختم کردیتا ہے کہ وہ جیل جانے کے بجائے مرنا بہتر سمجھتا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ساتھ بھی جو وقت کے ساتھ ساتھ ہوتا رہا ہے ہم اس مسئلے کو بھی اٹھائیں گے۔

سابق سینیئر بیوروکریٹ کی مبینہ خودکشی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 'خرم ہمایوں کے گھر بھی جاؤں گا تاکہ ان کے اہلخانہ سے بھی سن سکوں کہ ان پر کیا گزری تھی اور کس مقام پر آکر انہوں نے انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا'۔

چیئرمین نے کے رد عمل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 'میں نے گزشتہ روز ایوان میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ بھی ڈری ہوئی ہے، ہر آدمی ڈرا ہوا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں جنرل قمر جاوید باجوہ سے درخواست کرتا ہوں کہ انہیں بھی اس چیز کا نوٹس لینا چاہیے، اگر ریٹائرڈ فوجیوں کے ساتھ بھی یہ ہوسکتا ہے تو عام آدمی کی سنوائی ہی کہیں نہیں ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کا حل نکالنا ہوگا تاکہ نیب کاروباری برادری اور نجی افراد کو تنگ کرنا بند کرے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ 'میں اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا اور اپنے ساتھ اراکین پارلیمنٹ کو لے کر جاؤں گا جبکہ زیادہ تر اراکین پارلیمنٹ ڈرتے ہیں کیونکہ یہ اتنا گندہ ادارہ ہے کہ جو بولتا ہے اسے بھی نوٹس بھیج دیتا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: نیب، بیوروکریسی کے کام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سلیم مانڈوی والا

اس موقع پر اسد منیر کی صاحبزادی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'میں سلیم مانڈی والا کے ساتھ اس وقت تک کھڑی ہوں جب تک انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری رہے گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اسد منیر ای سی ایل میں 4 سال سے تھے، کسی کو اتنا تنہا کردیا جائے تو وہ ڈپریشن میں چلے جاتا ہے، میرے والد پر کرپشن کا کوئی مقدمہ نہیں تھا، ان کا کوئی ٹرائل نہیں ہوا تھا اور وارنٹ جاری ہوگئے تھے'۔

انہوں نے کہا کہ 'آرمی چیف کا کام ہماری خدمت کرنا ہے، ان سے کہوں گی آپ کا ادارہ جس کے لیے آپ بہت سی چیزوں پر سمجھوتہ کرتے ہیں، اس کو ہی سپورٹ نہ کریں تو یہ بڑے دکھ کی بات ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کو چاہیے کہ وہ انسانی حقوق کو سپورٹ کریں بجائے آپریشن کو سپورٹ کرنے کے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024