• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

حکومت نظام عدل کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، وزیر اعظم

شائع January 15, 2021
وزیر اعظم نے سزا و جزا کے نظام کو مستحکم کرکے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا - فائل فوٹو:اے پی پی
وزیر اعظم نے سزا و جزا کے نظام کو مستحکم کرکے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا - فائل فوٹو:اے پی پی

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کو ریلیف اور انصاف کی فراہمی کے لیے ملک میں نظام عدل کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے سزا و جزا کے نظام کو مستحکم کرکے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے راوی اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت جاری کی اور والٹن ایئرپورٹ لاہور کو منتقل کرنے میں درپیش مسائل کو دور کرنے کے لیے کہا۔

عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لیے عمران خان نے مقررہ مدت میں انتظامی اصلاحات پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: سال 2021 ترقی کا سال ہوگا، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے صوبوں اور اسلام آباد میں فوجداری نظام اور سول پروسیجر کوڈ کے نفاذ سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ 'گزشتہ حکومت نے نظام کو جوڑ کر لاقانونیت کا فائدہ اٹھایا'۔

بعدازاں رہائش، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کی رہائشی ضروریات کا جائزہ لینے اور انہیں رہائش کی فراہمی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کے لیے اراضی کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن بہت ضروری ہے۔

چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ضمن میں صوبوں کی سرویئر جنرل آف پاکستان کو ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے کارکردگی پر آگاہ کیا۔

صوبائی چیف سکریٹریز نے اجلاس کو صوبوں کی جانب سے اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اعداد و شمار کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ضمن میں ڈیٹا کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن سے تعمیرات کے شعبے میں بہتر منصوبہ بندی اور قبضہ مافیا کی سرکوبی میں نمایاں بہتری سامنے آئے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین جاوید غنی نے ٹیکس مراعات پیکیج، ایف بی آر پورٹل اور بلڈرز اور ڈیولپرز کی رجسٹریشن میں اضافے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ ملک بھر میں اور بالخصوص پنجاب میں تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے صوبے میں گرین ایریاز کے تحفظ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے ایکشن پلان پر عملدرآمد پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ ماضی میں تعمیراتی منصوبوں، خصوصاً ہاوسنگ اسکیموں کے بے ترتیب پھیلاؤ کی وجہ سے گرین ایریاز میں کمی اور ماحولیاتی آلودگی میں بتدریج اضافے کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ 2019 سے صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کی مؤثر کوارڈینیشن اور سول سوسائٹی کی شمولیت کی بدولت گرین ایریاز میں اضافے کا جامع ایکشن پلان مرتب کر کے اس پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے اربن فاریسٹ لبرٹی مارکیٹ لاہور کی طرز پر صوبے کے مختلف شہروں میں اس سال اربن فاریسٹ منصوبوں کے قیام اور گرین کور میں اضافے کے ایکشن پلان پر عملدرآمد پر شرکا کو آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ صوبے میں تعمیراتی منصوبوں میں گرین ایریاز کے تحفظ کے حوالے سے قوائد و ضوابط وضع کرنے کے حوالے سے بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کے منصوبے کے تحت ایف بی آر کے پاس 330 تعمیراتی منصوبے رجسٹرڈ

وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے گرین بلڈنگ کوڈ کو ہاوسنگ اسکیموں کے ساتھ پائلٹ کرنے اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ پر قابو پانے کے حوالے سے مشاورت پر اجلاس کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات بڑے شہروں میں خطرناک حد تک پہنچنے سے پہلے ہمیں بروقت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی ایک 'خاموش قاتل' ہے جس سے عوام الناس کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں، موجودہ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے برے اثرات کے پیش نظر ماحولیاتی تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں۔

وزیراعظم نے تمام صوبوں میں شجر کاری مہم کے حوالے سے اقدامات، گرین ایریاز کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی اور مانیٹرنگ کا میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت میں انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے جاری منصوبوں پر پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں ملٹی اسٹوری کنسٹرکشن اور گرین ایریا کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں میں گرین ایریاز کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024