• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ویڈیو گیمز سے دلچسپی رکھنے والے نئے مواقع کیلئے تیار ہوجائیں، فواد چوہدری

شائع January 14, 2021
ویڈیو گیم انڈسٹری دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی پانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے—  فائل فوٹو: ڈان نیوز
ویڈیو گیم انڈسٹری دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی پانے والی صنعتوں میں سے ایک ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان سائنس فاونڈیشن کے درمیان یادداشت طے پاگئے جس کے تحت ای اسپورٹس کو باقاعدہ کھیل کا درجہ حاصل ہوگا۔

فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر کہا کہ اگر آپ کو ویڈیو گیمز سے دلچسپی ہے تو تیار ہو جائیں اور نئے مواقع آپ کے منتظر ہیں۔

اس سے قبل فواد چوہدری نے نے اعلان کیا تھا کہ ان کی وزارت ویڈیو گیمز کے شوقین افراد کے لیے اینیمیشن اور ویڈیو گیمز کا خصوصی پروگرام لارہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا تھا کہ 'اگر آپ کو پڑھنے سے دلچسپی نہیں اور فون پر ویڈیو گیمز سے رغبت ہے تو تیاری رکھیں ہماری وزارت ویڈیو گیمز پروگرامنگ کا خصوصی پروگرام لارہی ہے'

فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اس کے ذریعے ہم 90 ارب ڈالر کی اس انڈسٹری کا حصہ بن سکیں گے اور نوجوانوں کو گیمز سرٹیفیکیٹس بھی دیے جائیں گے۔

فواد چوہدری کے اعلان کے بعد سے ٹوئٹر صارفین کی جانب سے ان کے مذکورہ اقدام کو سراہا گیا اور ساتھ ہی مختلف تجاویز بھی دی گئی تھیں۔

واضح رہے کہ ای اسپورٹس دنیا بھر میں ایک صنعت کا درجہ رکھتی ہے اور اگست 2019 میں پاکستانی نوجوان نے امریکا میں ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی ای اسپورٹس گیمنگ چیمپیئن شپ میں ٹیکن 7 گیم کی ٹورنامنٹ جیت لی تھی۔

امریکی شہر لاس وگاس میں 2 سے 4 اگست تک ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی ای اسپورٹس گیمنگ چیمپیئن شپ میں جنوبی کوریا، جاپان، چین اور امریکا کے ماہر گیمنگ کھلاڑیوں سمیت دیگر ممالک کے نوجوانوں نے بھی شرکت کی تھی۔

گیمنگ کو بطور کیرئیر بھی منتخب کیا جارہا ہے اور یوٹیوبرز کی طرح اب گیمرز کے لیے بھی آگے بڑھنے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔

یہی نہیں بلکہ رواں برس کے اوائل میں دنیا بھر لاک ڈاؤن کے بعد ویڈیو گیمز کے صارفین کی تعداد میں بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024