• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں بلاول، زرداری کو مدعو نہیں کیا گیا، فرحت اللہ بابر

شائع January 14, 2021
میڈیا میں سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو جوبائیڈن کی دعوت کی خبریں چل رہی تھیں-فائل/فوٹو: ڈآن نیوز
میڈیا میں سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو جوبائیڈن کی دعوت کی خبریں چل رہی تھیں-فائل/فوٹو: ڈآن نیوز

امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کے منصب سنبھالنے کے دن قریب آتے ہی تقریب میں عالمی رہنماؤں کی شرکت کے حوالے سے افواہیں گردش کر رہی ہیں تاہم بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو دعوت کی خبر کی تردید آگئی ہے۔

میڈیا میں سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ بلاول بھٹو کو جوبائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے دعوت دینے کی خبریں چل رہی تھیں۔

مزید پڑھیں: جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں بلاول، آصف زرداری کو مدعو کیا گیا، شہلا رضا کا دعویٰ

پی پی پی سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ سابق صدر اور چیئرمین پی پی پی کو 'تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نہیں دی گئی اور شرکت بھی نہیں کر رہے ہیں'۔

اس سے قبل سندھ کی وزیر برائے ترقی خواتین و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینئر رہنما شہلا رضا نے نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کو مدعو کیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں شہلا رضا نے کہا تھا کہ 'امریکا کے نئے صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو مدعو کیا گیا'۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'آصف زرداری طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کریں گے، البتہ بلاول بھٹو کی تقریب میں شرکت کے واضح امکانات ہیں'۔

پاکستان کی طرح دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اس طرح کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں، بھارت میں کانگریس کے حامیوں نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کو دعوت دی گئی ہے اور وہ شرکت کر رہے ہیں۔

بعد ازاں منموہن سنگھ نے خود اس خبر کی تردید کر دی۔

امریکی میں میڈیا نے اسی طرح کی خبریں پھیلائیں کہ میکسیکو کے صدر ایندریس مینوئل لوپیز اوبارڈور کو دعوت دی گئی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ 'مجھے کوئی دعوت نہیں دی گئی اور میں نے فیصلہ کیا ہے کہ وبا کے دوران ملک سے باہر زیادہ نہیں جاؤں'۔

تقریب کے محدود انتظامات

کورونا وائرس اور کشیدگی کے خطرات کے پیش نظر امریکی صدارتی تقریب کے منتظمین عالمی رہنماؤں کو دعوت دینے سے گریزاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اعصاب شکن مقابلے کے بعد جو بائیڈن امریکی صدر منتخب

جوبائیڈن کی تقریب کی کمیٹی کے اراکین نے اشارہ دیا ہے کہ وہ 20 جنوری کو ہونے والی تقریب میں غیر ملکی رہنماؤں کو شرکت کی دعوت نہیں دے رہے اور امریکیوں کو بھی گھروں سے دیکھنے پر زور دے رہے ہیں۔

تازہ بیان میں کہا گیا کہ رواں برس جشن کی تقریبات انتہائی محدود ہوں گی اور مقامی حکام نے لوگوں سے کہا کہ وہ تقریب میں شرکت نہ کریں۔

واشنگٹن کے میئر مورئیل باؤسر نے کہا کہ اس وقت ہمارا مقصد یہ ہے کہ امریکیوں کو تقریب آن لائن دیکھنے کے لیے آمادہ کرنا ہے اور ضلع کولمبیا کو 6 جنوری کو پیش آنے والی کشیدگی کی طرح کے کسی واقعے سے بچانا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024