• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

ترک ٹیم کے ساتھ اب تک کا بڑا ٹی وی منصوبہ بنائیں گے، ہمایوں سعید

شائع January 14, 2021
ترک ٹیم نے اسلام آباد کے علاوہ کراچی کا دورہ بھی کیا تھا—فوٹو: ہمایوں سعید ٹوئٹر
ترک ٹیم نے اسلام آباد کے علاوہ کراچی کا دورہ بھی کیا تھا—فوٹو: ہمایوں سعید ٹوئٹر

ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے پروڈیوسر کمال تکدن اور اداکار جلال آل کی جانب سے 5 روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس چلے جانے کے بعد ہمایوں سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اور دیگر ارکان ترک ٹیم کے ہمراہ ٹی وی کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ بنائیں گے۔

ہمایوں سعید نے 13 جنوری کو اپنی ٹوئٹ میں ترک ٹیم کے ہمراہ کھچوائی گئی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اور عدنان صدیقی پروڈیوسر کاشف انصاری کے ساتھ مل کر ٹی وی کا اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ بنائیں گے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں ترک ٹیم کی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی، ساتھ ہی انہوں نے ترک ٹیم کی گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور دیگر سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی۔

ہمایوں سعید نے مذکورہ ٹوئٹ میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ انہوں نے 'ارطغرل غازی' کے پروڈیوسر کمال تکدن اور اداکار جلال آل کی میزبانی کی۔

یہ بھی پڑھیں: ترک ٹیم 5 دن کا دورہ مکمل کرکے واپس وطن چلی گئی

ساتھ ہی انہوں نے پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ وہ اور ان کے دوست عدنان صدیقی پروڈیوسر کاشف انصاری کے ساتھ مل کر ترک ٹیم کے ساتھ ٹی وی سب سے کا بڑا منصوبہ پیش کریں گے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مشترکہ منصوبے پر تعاون کی یقین دہانی کرانے پر وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر شبلی فراز اور شہریار آفریدی کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے لکھا کہ مذکورہ مشترکہ منصوبہ پاکستان اور ترکی کی دوستی کا نیا آغاز ہوگا اور یہ اب تک کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا۔

اگرچہ ہمایوں سعید نے منصوبے کی وضاحت نہیں کی تاہم ترک ٹیم کی وزیر اعظم کے ساتھ 8 جنوری کو ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی پروڈکشن کمپنیوں کی جانب سے 'ترک لالا' ڈراما بنائے جانے پر وزیر اعظم کو آگاہی دی گئی تھی۔

وزیر اعظم نے ترک و پاکستانی اداکاروں و پروڈیوسرز کو مذکورہ منصوبے میں مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان و ترکی کا مشترکہ طور پر 'ترک لالا' ڈراما بنانے کا امکان

ہمایوں سعید نے ترک پروڈیوسر کمال تکدن کی ویڈیو بھی ٹوئٹ کی، جس میں وہ دونوں ممالک کے مشترکہ منصوبے 'ترک لالا' پر بات کرتے دکھائی دیے۔

کمال تکدن کی مذکورہ ویڈیو کو عدنان صدیقی نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کیا، جس میں ترک پروڈیوسر نے بتایا کہ 'ترک لالا' ایک تاریخی کردار ہے، جس پر دونوں ممالک مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

کمال تکدن نے اپنی ویڈیو میں پاکستانی اداکاروں اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے ویڈیو میں تعاون کی یقین دہانی کرانے پر صدر مملکت، وزیر اعظم، سی پیک کے چیئرمین، گورنر سندھ اور عدنان صدیقی سمیت ہمایوں سعید کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ہمایوں سعید کی پوسٹ اور کمال تکدن کی ویڈیو سے واضح ہوتا ہے کہ دونوں ممالک 'ترک لالا' پر بنائے جانے والے ڈرامے کو نجی سطح پر بنائیں گے تاہم انہیں حکومتی تعاون حاصل رہے گا۔

دونوں شخصیات کے پیغامات سے واضح ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر 'ترک لالا' کو ترکی کے تکدن فلمز اور پاکستان کے کاشف انصاری فلم پروڈکشن کے تحت بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک و ترک فلم پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان مشترکہ کام کرنے کا معاہدہ

تکدن فلمز پروڈکشن کمال تکدن کا ادارہ ہے، جس نے 'ارطغری غازی' کو بھی بنایا جب کہ کاشف انصاری فلمز پروڈکشن پاکستانی پروڈیوسر ڈاکٹر کاشف انصاری کا ادارہ ہے اور ممکنہ طور پر پاکستانی پروڈکشن ادارے کو ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی کی مالی معاونت حاصل ہوگی۔

مذکورہ دونوں پروڈکشن کمپنیوں نے گزشتہ برس کے اختتام پر مشترکہ پروڈکشن کے تحت منصوبے بنانے کا معاہدہ بھی ہوا تھا، تاہم اس وقت واضح نہیں کیا گیا تھا کہ دونوں کس معاہدے پر مل کر کام کریں گے۔

اور تاحال دونوں اداروں نے واضح نہیں کیا کہ وہ ترک لالا کو مشترکہ طور پر بنائیں گے یا نہیں اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کب تک ہوگی اور اس کی کہانی کون لکھے گا اور اس کی کاسٹ میں کون شامل ہوں گے۔

یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ترک لالا کی شوٹنگ کہاں ہوگی تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اس منصوبے کے آغاز میں مزید ایک سال سے زائد کا وقت لگے گا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024