• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی ٹی آئی نے امریکا میں اپنے ایجنٹس کو 'غیر قانونی' فنڈنگ کا ذمہ دار ٹھہرادیا

شائع January 14, 2021
تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس اکبر ایس بابر نے نومبر 2014 میں دائر کیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس اکبر ایس بابر نے نومبر 2014 میں دائر کیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: بظاہر امریکا سے غیر قانونی فنڈنگ سے انکار کے مؤقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اب یہ وضاحت پیش کی ہے کہ اگر عمران خان کی تحریری ہدایت کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی دو امریکی کمپنیوں نے کوئی فنڈز غیر قانونی طور پر اکٹھے کیے ہیں تو اس کی ذمہ داری ان کمپنیوں کا انتظام سنبھالنے والے ایجنٹس پر عائد ہوتی ہے۔

باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ پارٹی نے یہ تازہ مؤقف الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کی جانب سے دیے گئے سوال نامے کے تحریری جواب میں اپنایا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کا عمل تیز کرنے کی حالیہ ہدایات کے بعد ملاقات کی جو مارچ 2018 سے جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو غیرملکی اداروں سے 'پروہیبٹڈ فنڈنگ' ہوئی، وزیراطلاعات

تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس اس جماعت کے ایک بانی رکن اکبر ایس بابر نے نومبر 2014 میں دائر کیا تھا۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ بدھ کے اجلاس میں درخواست گزار کے وکیل سید احمد حسین شاہ نے کمیٹی کی جانب سے اپنے موکل کو پی ٹی آئی کی مالی دستاویز فراہم کرنے سے انکار پر احتجاج کیا۔

ان دستاویز میں پی ٹی آئی کی 23 بینک اسٹیٹمنٹس بھی شامل ہیں جو اسٹیٹ بینک کی ہدایات پر موصول ہوئی تھیں اور الیکشن کمیشن کے پاس پوشیدہ ہیں۔

مزید پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس: تحریک انصاف نے اسکروٹنی کمیٹی کے پاس دستاویزات جمع کرا دیں

سید احمد حسین شاہ کی معاونت اقبال چودھری نے کی، احمد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ دستاویز دینے سے انکار کر کے کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے 30 مئی 2018 کے حکم کی خلاف ورزی ہے جس میں پی ٹی آئی کی جانب سے دستاویزات اور اسکروٹنی کے عمل کو خفیہ رکھنے کی درخواست کو مسترد کردیا گیا تھا۔

کمیٹی کے چیئرمین نے آگاہ کیا کہ پی ٹی آئی کے بینک اسٹیٹمنٹس اور دیگر دستاویزات پی ٹی آئی کے تحفظات پر درخواست گزار کو نہیں فراہم کیے جارہے۔

جس پر درخواست گزار اکبر ایس بابر نے شکایت کی کہ جن کے خلاف تفتیش کی جارہی ہو وہ ہی اس سارے عمل کا انتظام سنبھالیں تو اسکروٹنی اور تحقیقات کس طرح شفاف اور آزادانہ ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس میں ای سی پی کی اسکروٹنی کمیٹی نے دوبارہ کام شروع کردیا

اسکروٹنی کمیٹی کا آئندہ اجلاس آج بروز جمعرات ہوگا، اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے درخواست گزار نے 80 اجلاسوں کے باوجود اس عمل میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 'جب زیر تفتیش لوگ تفتیشی عمل پر اثر انداز ہونے لگیں تو پیش رفت کس طرح ہوسکتی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'کمیٹی نے انہیں پی ٹی آئی کی بینک دستاویز فراہم کرنے سے اس لیے انکار کیا کہ فریق (پی ٹی آئی) نے اس کی مخالفت کی تھی اور حتیٰ کہ 'آڈیٹر کو بھی پی ٹی آئی کے دباؤ پر تبدیل کردیا گیا'۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو جمع کروائے گئے تحریری جواب میں کہا کہ 'ایجنٹ کی اکٹھا کی گئی کوئی بھی کنٹری بیوشن جو قابل پوچھ گچھ ہوسکتی ہے وہ بنیادی (فریق) کی دی گئی ہدایات/ذمہ داری/ کام کے دائرہ کار سے ماورا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024