• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

جب بھی ڈیل یا این آر او ہوا، تو دو جماعتوں کو فائدہ پہنچا، شہزاد اکبر

شائع January 13, 2021
وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب اور وزیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان میں جب بھی کوئی ڈیل یا این آر او ہوا تو دو جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو فائدہ پہنچا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ وزیر اعظم نے اپنی ٹوئٹس میں کہا کہ حالیہ وقتوں میں پاناما پیپرز اور اس کے نتیجے میں ہونے والی قانونی کارروائیوں نے پاکستان کی سیاسی اشرافیہ کو بے نقاب کیا۔

مزید پڑھیں: براڈشیٹ کے انکشافات نے حکمران اشرافیہ کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کو پھر بےنقاب کردیا، وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ براڈشیٹ کے مقدمے میں جو چیزیں سامنے آئیں اس میں بھی سیاسی اشرافیہ ہی بے نقاب ہوئی اور اس کا موضوع منی لانڈرنگ اور کرپشن تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سیاسی اشرافیہ نے اپنا سیاسی اثرورسوخ کو این آر او یا ڈیل کی شکل میں اپنا دفاع کرنے کے لیے استعمال کیا اور اگر وہ پکڑے جائیں تو ایک بیانیہ گڑھ دیا جائے کہ انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ بنیادی طور پر یہ وہ سیاسی اشرافیہ ہے جس نے مل کر منی لانڈرنگ بھی کی، کرپشن بھی اور یہ سیاسی اشرافیہ لوٹے ہوئے پیسوں کو اپنی جان بچانے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ براڈشیٹ کے حوالے سے سب سے اہم چیز یہ ہے کہ وہ کن لوگوں کو اور ان کی کن چیزوں کی تفتیش کررہی تھی، 200 لوگوں کی فہرست میں کون لوگ ہیں؟ وہ فہرست عمران خان یا شہزاد اکبر نے تو کسی کو نہیں دی، وہ آج سے 20-21 سال پہلے اس معاہدے کے تحت بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا گزشتہ 23 سال سے ایک ہی بیانیہ ہے کہ کرپشن کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ہم بار بار کے ذریعے ایک ساسی اشرافیہ بن چکی ہے جو ان تمام چیزوں کو اپنے دفاع کے لیے استعمال کرتی ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ سیاسی اشرافیہ میں وہی لوگ ہیں جو اس 200 کی فہرست میں ہیں، آج جب اشرافیہ کی بات ہوئی تو سب سے پہلے مریم اورنگزیب نمودار ہوئیں، انہوں نے ادھر ادھر کی باتیں ماریں لیکن یہ واضح ہو گیا کہ یہ سیاسی اشرافیہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید سے اختیارات کی کوئی جنگ نہیں، شہزاد اکبر

انہوں نے کہا کہ یہ باتیں روز روشن سے عیاں ہیں کہ 1999 کے بعد جب بھی کوئی ڈیل یا این آر او ہوا یا کسی کو تفتیش سے روکا گیا تو اس سے دو جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کو فائدہ پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی ڈیل انہوں نے خود پرویز مشرف کے ساتھ کی جس کے نتیجے میں یہ سرور پیلس چلے گئے، وہ قوم کو کیوں نہیں بتاتے کہ وہ کیا ڈیل تھی، اس کے تحت کیا کیا چیزیں معاف ہوئی اور کس طرح حدیبیہ پیپر ملز کے کیس پر سمجھوتہ کیا گیا جس میں قاضی فیملی کے نام پر پاکستان میں منی لانڈرنگ ہوئی تھی جس کی دوبارہ ٹرانسمیشن شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے نے اپنے ٹی ٹی والے کیس میں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرا این آر او 2007 میں ہوا جسے قومی مفاہمتی آرڈیننس کہتے ہیں، اس این آر او سے فائدہ اٹھانے والے کون لوگ ہیں؟ اس کے بعد پہلے بے نظیر واپس آئیں اور اس کے بعد نواز شریف واپس آ گئے لیکن اس وقت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تو نہیں تھی، ہم تو اسٹیک ہولڈر نہیں تھے، آپ نے اپنا سیاسی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے اس وقت کے حکمران سے معاہدہ کیا اور بعد میں وہ حکمران ڈیل پر پچھتا بھی رہا تھا کیونکہ یہ باز نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ اس سیاسی اسٹیٹس کو توڑنے کے لیے پاکستان کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیا، وہ اقتدار میں یہ مینڈیٹ لے کر آئے کہ آپ کو پکڑ کر بے نقاب کرنا ہے اور خود بچانے کے لیے سیاسی اثرورسوخ استعمال نہیں کرنے دینا۔

مزید پڑھیں: خواجہ آصف نے اپنے قائد کی طرح ٹی ٹی کا طریقہ کار اپنایا، شہزاد اکبر

شہزاد اکبر نے کہا کہ مشرف کی حکومت اور ہم میں واضح فرق یہ ہے کہ ماضی میں جو بھی وجہ تھی لیکن آپ نے اس حکومت کے ساتھ دو این آر او کیے، ایک سرور پیلس والا این آر او تھا، دوسرا 2007 والا این آر او تھا، ہمارے نزدیک آپ دونوں ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں کوئی فرق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے زمانے میں پیپلز پارٹی کا کوئی نظریاتی اساس تھا، کوئی نظریاتی بنیاد تھی جو پچھلے 15 سالوں میں ختم ہو چکی ہے، اب بس لوٹ مار کا نظریہ ہے اور دونوں جماعتوں کا ایک ہی طریقہ واردات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج مریم اورنگزیب نے کہا کہ براڈشیٹ کے معاملے کو لے کر نقصان پہنچایا گیا، براڈشیٹ سے معاہدہ 2000 میں کیا گیا، پھر اس معاہدے کو منسوخ کیا گیا جس میں پاکستان تحریک انصاف کہیں بھی نہیں ہے اور کل کابینہ کی ایک کمیٹی بنائی گئی ہے تاکہ یہ پتا چلایا جا سکے کہ اس سارے معاملے میں کس کی کوتاہی رہی ہے تاکہ ذمے داران کا تعین ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ انجم ڈار کی جانب سے رشوت دینے کی بات سامنے آئی تو نواز شریف کے صاحبزادے نے کہا کہ ہمارا فیملی ٹری دیکھ لیں، وہ ہمارا بھانجا/بھتیجا نہیں ہے لیکن وہ جرمنی میں مسلم لیگ (ن) ka صدر تو ہے ناں، نواز شریف کی انجم ڈار کے ساتھ کتنی تصاویر چاہئیں، کیا اس معاملے کی تحقیق نہیں ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کو عفریت بنا دیا گیا ہے، اس کو اب بند کرنا ہوگا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا سوشل میڈیا ونگ پرسوں سے پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ ہماری حکومت میں میرے ساتھ گئی کسی شخص نے اپنا 'کٹ' مانگنا تھا لیکن جس اخبار نے یہ خبر شائع کی اس نے فوراً اپنی غلطی درست کرتے ہوئے اسے ٹھیک کردیا۔

مشیر احتساب نے کہا کہ میں مریم اورنگزیب یا ان کے بڑوں کو چیلنج کرتا ہوں، برطانیہ میں رشوت دینا ایک جرم ہے، میں آپ کو 72 گھنٹوں کا وقت دیتا ہوں، آپ لندن میں میٹرو پولیٹن پولیس کو ایک درخواست دیں کہ کاوے موسوی کو جس رشوت کی پیشکش کی گئی اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ساتھ 2018 میں جس نے کٹ مانگا ہے اس کی بھی تحقیق ہونی چاہیے اور لندن کی پولیس اس پر آپ کو اس پر واضح کردے گی، پھر لندن کی پولیس انجم ڈار سے بھی بات کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا مریم اورنگزیب کو کھلا چیلنج ہے، آپ اس کی تحقیق کرا لیں کیونکہ اگر آپ میں ہمت نہیں ہے تو میں یہ کرنے جا رہا ہوں، پھر آپ کو وہاں سے بھی بھاگنا پڑے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنہوں نے این آر او دیا تھا وہ بھی کہیں دبئی وغیرہ میں باہر بیٹھے ہیں، سارے ہی باہر ہیں، خود ان کے دو دور گزرے ہیں، اس میں انہوں ان کے ساتھ کیا کیا؟

انہوں نے کہا کہ ہم نے براڈشیٹ کے کیس کو اچھالا، پہلے نواز شریف نے ٹوئٹ کیا، پھر مریم نے ٹوئٹ کیا اور پھر بیان بھی دیا، یہ خود اس چیز کو لے کر آئے، اصل چیز یہ ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بھی یہ جس چیز کو بیانیہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں وہ الٹا ان کے گلے پڑ جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: سلیم مانڈوی والا سینیٹ کو ذاتی فوائد کیلئے استعمال نہیں کر سکتے، شہزاد اکبر

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اپنے پول کے ذریعے عمران خان کو دنیا کا سب سے بڑا کرکٹر قرار دیتی ہے اور دوسری جانب کاوے موسوی سے پوچھا گیا کہ شریف خاندان آپ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کرے گا تو انہوں نے جواب دیا کہ ہتک عزت اس کی ہوتی ہے جس کی کوئی عزت ہوتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ اگر نیب کو مریم نواز دوبارہ تفتیش کے لیے درکار ہیں، تو ان کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے جا سکتے ہیں، اگر کوئی نیا مقدمہ ہے تو اس کے لیے بھی ان کے پاس آپشن موجود ہے، مریم نواز کو این آر او نہیں دیا گیا، ان کی اس حوالے سے شدید خواہش ہے لیکن این آر او دینے والا کوئی بچا نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024