• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد میں تقریباً 3 ہزار کا اضافہ

شائع January 13, 2021
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا کے بیشتر ترقی یافتہ ممالک کے نظام زندگی کو تبدیل کرکے رکھ دینے والے مہلک کورونا وائرس کے پاکستان میں بھی کیسز اور اموات کا سلسلہ جاری ہے۔

ملک میں سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے حوالے سے قائم کردہ پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 123 کیسز سامنے آئے جبکہ 55 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم 2 ہزار 973 لوگ خوش نصیب تھے جو اس وبا سے شفایاب ہوگئے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 لاکھ 8 ہزار 824 ہوگئی جس میں سے 91 فیصد یعنی 4 لاکھ 64 ہزار 950 مریض صحتیاب ہوگئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 772 تک پہنچ گئی، اس طرح ملک میں فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار102 رہ گئی۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں تھی۔

تاہم دسمبر میں کیسز اور اموات کے سلسلے میں کچھ حد تک کمی دیکھی گئی جس کے بعد ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں فعال کیسز میں 15 ہزار تک کی کمی رپورٹ ہوئی۔

آج 13 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 64 کیسز کا اضافہ ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 28 ہزار 949 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 22 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 730 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 509 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 46 ہزار 525 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 24 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 323 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 370 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 62 ہزار 18 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 5 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 748 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 467 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 188 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 122 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 39 ہزار 462 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 4 مریض جاں بحق ہوئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 447 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 20 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 521 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کسی مریض کے انتقال کی تصدیق نہیں ہوئی، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 235 پر موجود ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 882 پر برقرار ہے۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 973 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 64 ہزار 950 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 508824

صحتیاب: 464950

اموات: 10772

فعال کیسز: 33102

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 28 ہزار 949 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 46 ہزار 525 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 62 ہزار 18 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 467 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 39 ہزار 462، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 521 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3730

پنجاب: 4323

خیبرپختونخوا: 1748

بلوچستان: 188

اسلام آباد: 447

آزاد کشمیر: 235

گلگت بلتستان: 101

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024