جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں بلاول، آصف زرداری کو مدعو کیا گیا، شہلا رضا کا دعویٰ
سندھ کی وزیر برائے ترقی خواتین و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیئر رہنما شہلا رضا نے نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کو مدعو کیے جانے کا دعویٰ کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں شہلا رضا نے کہا کہ 'امریکا کے نئے صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو مدعو کیا گیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'آصف زرداری طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کریں گے، البتہ بلاول بھٹو کی تقریب میں شرکت کے واضح امکانات ہیں'۔
تاہم انہوں نے اپنے اس دعوے کے حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اعصاب شکن مقابلے کے بعد جو بائیڈن امریکی صدر منتخب
واضح رہے کہ وزیر اعظم سمیت اب تک پاکستان کے کسی سیاستدان کو جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔
نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن 20 جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔