• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نئی پالیسی کا تنازع: واٹس ایپ کی حریف ایپس میں لاکھوں نئے صارفین کا اضافہ

شائع January 12, 2021
— شٹر اسٹاک فوٹو
— شٹر اسٹاک فوٹو

واٹس ایپ کی جانب سے نئی پرائیویسی پالیسی پر تنازع کے بعد اب باضابطہ ردعمل جاری کیا گیا ہے، جس میں صارفین کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس کا اثر کیا ہوتا ہے، یہ تو آنے والے دنوں میں معلوم ہوجائے گا، مگر جنوری کے آغاز سے نئی پرائیویسی پالیسی کے تنازع نے واٹس ایپ کی حریف ایپس کو ضرور فائدہ پہنچایا ہے۔

واٹس ایپ کی حریف میسجنگ ایپس کے نئے صارفین کی تعداد میں ایک ہفتے کے دوران کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ نے اپنی نئی پرائیویسی پالیسی میں واضح کیا ہے کہ وہ صارفین کا کچھ ذاتی ڈیٹا اپنی پیرنٹ کمپنی فیس بک سے شیئر کرے گی۔

واٹس ایپ نے صارفین کو نوٹیفکیشن بھیج کر آگاہ کیا ہے کہ انہیں یا تو اس پر رضامند ہونا ہوگا کہ وہ فیس بک اور اس کی دیگر سروسز کو واٹس ایپ ڈیٹا بشمول فون نمبر اور لوکیشن اکٹھا کرنے کی اجازت 8 فروری سے قبل دیں یا ایپ تک رسائی سے محروم ہوجائیں۔

واٹس ایپ نے اب وضاحت کی ہے کہ اس نئی پالیسی سے لوگوں کی دوستوں یا خاندان کے لیے میسجز کی پرائیویسی متاثر نہیں ہوگی۔

مگر اس وضاحت میں کافی دیر ہوچکی ہے اور ایپ اینالیٹکس کمپنی سنسر ٹاور کے مطابق واٹس ایپ کی حریف انکرپٹڈ ایپ سگنل کے صارفین میں واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کے اعلان کے بعد سے نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سنسر ٹاور کے مطابق 6 سے 10 جنوری کے دوران دنیا بھر میں گوگل پلے اور ایپ اسٹور میں 75 لاکھ افراد نے سگنل کو ڈاؤن لوڈ کیا۔

یہ تعداد اس گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 4200 فیصد زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی متعارف ہونے کے بعد دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں سگنل ایپ کے استعمال کی تجویز کی تھی۔

ان کی اس ٹوئٹ کے بعد سگنل پر نئے صارفین کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا کہ نئے صارفین کی رجسٹریشن میں تاخیر بھی ہوئی۔

اس ٹوئٹ کے نتیجے میں سگنل کے نام سے ملتی جلتی ایک اور کمپنی سگنل ایڈوانس کے حصص کی قیمتوں میں بھی 11 ہزار 700 فیصد اضافہ ہوا۔

دوسری جانب واٹس ایپ کی ایک اور حریف ایپ ٹیلیگرام کی جانب رخ کرنے والے افراد کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔

6 سے 10 جنوری کے دوران 90 لاکھ نئے صارفین نے ٹیلیگرام کو ڈاؤن لوڈ کیا، جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 91 فیصد زیادہ ہے۔

12 جنوری کو ٹیلیگرام نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اس میسجنگ سروس کو استعمال کرنے والے متحرک صارفین کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہوگی ہے، جبکہ گزشتہ 72 گھنٹے کے دوران ڈھائی کروڑ نئے صارفین سروس کا حصہ بنے، جن میں سے 38 فیصد ایشیا، 27 فیصد یورپ، 21 فیصد لاطینی امریکا اور 8 فیصد مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھتے ہیں۔

سگنل اور ٹیلیگرام کے صارفین میں سب سے زیادہ اضافہ بھارت میں ہوا، جو واٹس ایپ کی بھی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔

بھارت میں 23 لاکھ افراد نے سگنل کو ڈاؤن لوڈ کیا جبکہ وہاں ٹیلیگرام کو انسٹال کرنے والوں کی تعداد 15 لاکھ تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024