• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ایم کیو ایم پاکستان کو چلانے والا کوئی اور ہے، سید مراد علی شاہ

شائع January 12, 2021
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی حمایت نہ چھوڑیں لیکن سندھ کے مسئلے پر عوام کا ساتھ دیں—فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی حمایت نہ چھوڑیں لیکن سندھ کے مسئلے پر عوام کا ساتھ دیں—فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مردم شماری کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں کے ساتھ زبانی جمع خرچ نہ کریں، سندھ کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے میں قربانی دینی پڑتی ہے۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ 'مجھے معلوم ہے کہ قربانی دینا آپ کے بس میں نہیں ہے کیونکہ چلانے والا کوئی اور ہے'۔

مزید پڑھیں: کابینہ نے 3 سال بعد مردم شماری کے نتائج کی منظوری دے دی

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے مردم شماری منظور کرلی اور ایک ممبر نے اعتراض کردیا اور بات ختم ہوگئی، ایسے بات نہیں ختم ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ آپ وفاقی حکومت کی حمایت نہ چھوڑیں لیکن ایسے اہم مسئلے پر سندھ کے لوگوں کے ساتھ تو کھڑیں ہوں۔

'وزیراعظم کو ان کے اپنے ہی لوگ گمراہ کررہے ہیں'

سندھ میں گیس کی ترسیل میں کمی سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158 میں واضح ہے کہ جہاں سے گیس نکلتی ہے اس کا زیادہ حق ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے 28 دسمبر کو وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں آرٹیکل 158 کا تذکرہ کیا اور گیس کی ترسیل میں کمی کے معاملے پر حالات کی سنجیدگی کا احساس دلایا'۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم کے اپنے لوگ ہی انہیں گمراہ کررہے ہیں جو مسلسل گمراہ ہوتے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: گیس کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، معاون خصوصی

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں 25 سے 26 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پروڈکشن ہے اس لیے ہمیں زیادہ نہیں تو کم از کم 15 سے 16 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خود کوئی جواب نہیں دیا اور جب جواب وزارت توانائی کی جانب سے آیا تو سارا ملبہ گزشتہ حکومتوں پر ڈال دیا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 'وفاقی ادارے کی جانب سے موصول ہونے والے خط میں ہمارے بیان کی نفی کی گئی اور کہا گیا کہ ہم سندھ کو 16 سو ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کرتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ وفاق گیس کے معاملے میں سندھ کے ساتھ زیادتی کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: گیس کمپنیوں کی قیمت میں اضافے سے متعلق درخواستیں مسترد

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 10 دن کے دوران دو مراسلے وفاق کو ارسال کیے اور ہر ایک کے جواب میں سارا ملبہ گزشتہ حکومتوں پر ڈال دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وفاق کی سطح پر خراب انتظامی معاملات کی وجہ سے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی ہے، ہم پر جتنے مقدمے بنانے ہیں بنائے جائیں لیکن ہمیں کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ ہم سیدھے راستے پر ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024