ٹی سی ایل کے 8K ریزولوشن والے مختلف ٹیلی ویژن متعارف
معروف کمپنی ٹی سی ایل نے 2021 کے لیے اپنے نئے ٹیلی ویژنز متعارف کرادیئے ہیں، جن میں 8K ریزولوشن سمیت دیگر نئے فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ٹی سی ایل کے نئے 6 سکس سیریز اور ایکس ایل کلیکشن کے روکو ٹی وی ماڈلز کو لاس ویگاس میں سی ای ایس نمائش کے موقع پر متعارف کرایا گیا۔
کمپنی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے ماڈلز بھی بدستور دستیاب رہیں گے، تاہم اس سال کے ٹی وی ماڈلز میں کمپنی کے تیار کردہ اے آئی پی کیو انجن کا اضافہ کیا گیا ہے جو 4 کے مواد کو زیادہ شفاف دکھانے میں مدد دے گا۔
اگرچہ اس وقت 8 کے مواد کی کمی ہے مگر ٹی سی ایل کا ارادہ 8 کے ٹی وی کی قیمتوں کو نیچے لانا ہے۔
اس سال کے ٹی وی ماڈلز میں ایک نئے ڈسپلے پینل او ڈی زیرو کا اضافہ بھی کیا گیا ہے، جس کے باعث ڈسپلے اورر بیک لائٹ سسٹم کے درمیان خلا زیرو ملی میٹر رہ گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کے نتیجے میں لاکھوں منی ایل ڈیز پر مبنی بہت پتلا ڈسپلے اور ہزاروں کنٹراسٹ کنٹرول زونز بنے ہیں۔
اس سال ٹی سی ایل کی جانب سے ایکس ایل کلیکشن کو بھی متعارف کرایا جارہا ہے جس میں 85 انچ کے مختلف ٹیلی ویژنز شامل ہوں گے جن کی قیمتیں اور اسکرین ریزولوشنز مختلف ہوں گی۔
کمپنی کے مطابق ایکس ایل کلیکشن میں 3 مختلف ماڈلز ہوں گے اور ہر ایک میں 85 انچ اسکرین ہوگی۔
ان میں سے ایک 85 انچ کا 4 سیریز روکو ٹی وی ہوگا جو 4 کے ایچ ڈی آر اسٹریمنگ کرسکے گا، دوسرا 4 کے روکو ٹی وی ہوگا جسس میں او ایل ای ڈی پکچر کوالٹی دی جائے گی جبکہ تیسسرا منی ایل ای ڈی پاور 8 کے ٹی وی ہوگا، جس میں کیو ایل ای ڈی وایڈ کلر ٹیکنالوجی موجود ہوگی۔
کمپنی کے مطابق ایکس ایل کلیکشن کسی بھی بجٹ میں فٹ ہوسکے گی اور اس کی پرفارمنس صارفین کے دلوں کو جیت لے گی۔
کمپنی کی جانب سے ابھی 6 سیریز کے ٹیلیویژنز کی قیمتوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اسی طرح ایکس ایل کلیکشن اس سہ ماہی کے دوران کسی وقت صارفین کو دستیاب ہوں گے جن کی قیمت 1599 ڈالرز سے شروع ہوگی۔
تاہم ابھی اس کلیکشن میں شامل 8 کے ٹی وی کی قیمت اور دستیابی کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔