• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

سال 2021 میں سیاحت کیلئے 52 بہترین مقامات میں لاہور شامل

شائع January 11, 2021
نیویارک ٹائمز نے دنیا بھر میں موجود قارئین کی جانب سے موصول ہونے والی 2 ہزار سے زائد تجاویز کے بعد یہ فہرست مکمل کی— فوٹو: نیویارک ٹائمز
نیویارک ٹائمز نے دنیا بھر میں موجود قارئین کی جانب سے موصول ہونے والی 2 ہزار سے زائد تجاویز کے بعد یہ فہرست مکمل کی— فوٹو: نیویارک ٹائمز

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سال 2021 میں سیاحوں کے لیے 52 بہترین مقامات کی فہرست میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو بھی شامل کیا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی یہ فہرست 2 ہزار سے زائد تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد مکمل کی جو انہیں دنیا بھر میں موجود اپنے قارئین کی جانب سے موصول ہوئی تھیں۔

اس حوالے سے ان سے پوچھا گیا تھا کہ 'تاریک سال' (2020) میں کن مقامات نے انہیں خوش اور متاثر کیا اور ان کے سکون کا باعث بنے۔

خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ پاکستانی مقامات کو سیاحت کے لیے عالمی سطح پر منتخب کیا گیا ہو۔

مزید پڑھیں: پاکستان سال 2020 میں سیاحت کے لیے بہترین ممالک میں شامل

گزشتہ برس معروف کاروباری میگزین فوربز میں شائع ایک آرٹیکل میں 2020 میں سفر کے لیے 10 بہترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام بھی شامل کیا تھا۔

واضح رہے کہ 2019 میں بھی امریکی جریدے کونڈے ناسٹس کی چھٹیوں میں سفر کرنے کے لیے بہترین مقام کی فہسرت میں شامل ہوا تھا۔

اس کے علاوہ دسمبر 2019 میں سفری میگزین ونڈرلسٹ نے بھی پاکستان کے 9 مقامات کو 2020 میں ایڈوینچر کے لیے بہترین قرار دیا تھا۔

لاہور کو سیاحتی مقام کے طور پر شامل کرنے کی تجویز حنین اقبال نامی فری لانسر کی جانب سے دی گئی جو ان دنوں ٹورنٹو میں مقیم ہیں۔

نیویارک ٹائمز نے اپنی ویب سائٹ پر لاہور سے متعلق حنین اقبال کی رائے پوسٹ کی جنہوں نے لاہور کو اس کی ثقافت،تاریخ اور مہمان نوازی کی وجہ سے سیاحت کے لیے بہترین شہر قرار دیا۔

انہوں نے لاہور شہر کو شامل کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ 'میں 18 برس کی تھی اور 12 برس سے لاہور نہیں گئی تھی، وہ سردیوں کے دن تھے اور کھلی فضا میں اپنی والدہ کے ساتھ لبرٹی مارکیٹ میں کپڑے دیکھے'۔

حنین اقبال نے لکھا کہ رات کے وقت پشمینہ شالز اوڑھے ہم نے گرما گرم خمیری روٹی کے ساتھ تیز مرچوں والی چکن کڑاہی کھائی اور ہمیں کھانا بہت زیادہ پسند آیا تھا۔

انہوں نے لکھا کہ 'پاکستان کی شہرت اچھی نہیں اور اکثر مرتبہ جنوبی ایشیا آنے والے سیاحوں کی جانب سے اسے نظرانداز کیا جاتا ہے لیکن بہت مہربان اور بہت زیادہ مہمان نواز لوگ ہیں'۔

حنین اقبال نے لکھا کہ لاہور کے لوگ آپ کا خیال رکھنا اور آپ کو کھلانا پسند کرتے ہی، لاہور کی گرمیاں بھلی محسوس نہ ہوں لیکن سردیوں میں رات کے وقت دھند میں ستارے جگمگاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سال کے 12 ماہ، پاکستان میں سیاحت کیلئے کب،کہاں جاسکتے ہیں؟

انہوں نے مزید لکھا کہ اندرون لاہور جو شہر کا تاریخی مرکز ہے وہ مغلیہ دور کی یادگاروں سے بھرپور ہے۔

حنین اقبال نے لکھا کہ مجھے پنجاب کے مقامی افراد کو ریسٹورنٹس کے ٹیرس پر کھانا کھاتے دیکھنا بہت پسند ہے جہاں سے بادشاہی مسجد نظر آتی ہے۔

انہوں نے لکھا وہ عام لوگ ہیں جو اپنی زندگی گزار رہے ہیں اور وہ اپنے حال میں بھی زندہ ہیں جبکہ ہمیشہ اپنے ماضی سے جڑے رہتے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کی جانب سے جاری فہرست کے دیگر مقامات میں مصر کا سیوا اویئسز، کولمبیا کا للانوس، بھارت کا کالیا دھرو، ) جزائر شمالی ماریانا کا جزیرہ سائپین، ایران کا شہر اصفہان اور دیگر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024